ہائیکورٹ نے پاکستان میڈیکل کمیشن کے تمام ممبران کو فوری عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا

اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان میڈیکل کمیشن(پی ایم سی)کی کونسل کے تمام ممبران کی تعیناتی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں فوری عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔بدھ کواسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ایم سی کونسل ممبران کی تعیناتی کے خلاف ملازمین کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

عدالت نے پاکستان میڈیکل کمیشن کی کونسل کے صدر ڈاکٹر ارشد تقی، نائب صدر محمد علی رضا ایڈووکیٹ سمیت تمام کونسل ممبران راشانہ ظفر، طارق احمد خان، ڈاکٹر روبینہ حسن، ڈاکٹر آصف لویا اور ڈاکٹر انیس الرحمان کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں فوری عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا۔عدالت نے کہا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ 2020 آئین کے مطابق درست ہے، جب تک ممبران کی قانون کے مطابق تعیناتی نا ہو جائے تب تک حکومت روزانہ کی بنیاد پر امور چلائے۔عدالت نے حکم دیاکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(پی ایم ڈی سی) کے ملازمین جن کو پنشن مل چکی واپس نہیں لی جا سکتی، جن کو پنشن نہیں ملی اب وہ اہل نہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں