عمران خان کی خواہش ہے ملک میں مارشل لا ء لگ جائے، بڑا دعویٰ کر دیا گیا

سکھر(پی این آئی) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی خواہش ہے ملک میں مارشل لا ء لگ جائے، سلیکٹڈ والی بات بے نقاب ہورہی ہے، خانہ جنگی کرانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہ ہوئی تو انارکی پھیلے گی۔ انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن خانہ جنگی کی طرف نہیں جا رہی،عمران خان ملک میں خانہ جنگی کرانا چاہتے ہیں۔

 

عمران خان کی خواہش ہے کہ مارشل لاء لگے لیکن کوئی مارشل لاء نہیں لگے گا، عمران خان پاکستان کی تاریخ کا ناکام ترین وزیراعظم ہے،پارلیمنٹ کی توقیر کو ختم کردیا ہے، اپوزیشن کو گالیاں بھی دیں، مسخرے کے لہجے میں بھی باتیں کی ہیں، سمجھ نہیں آتا کہ بوکھلا کیوں گیا ہے، اکثریت تو اس کے پاس پہلے بھی نہیں تھی، تب ہم اس کو سلیکٹڈ کہتے تھے، اب سلیکٹڈ والی بات بے نقاب ہورہی ہے، ملک میں خانہ جنگی کرانے کی کوشش ضرور کرے گا مگر اس کو اتنی ہمت نہیں ہوگی۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ق) کے قائد چوہدری شجاعت حسین نے اپیل کی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ملک کے اعلیٰ ترین مفاد میں اپنے جلسے منسوخ کردے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے موجودہ نامساعد معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

 

انہوں نے کہا کہ غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبروں کی سیاست سے سخت پریشان ہیں۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہی ہے مگر اس وقت حکومت بھی اس کے مقابلے میں جلسے کرنے لگ گئی ہے جو حکومت کا کام نہیں ہے۔ یہ سیاسی مسابقت ملک میں ایسی سیاسی افراتفری اور بحران پیدا کر سکتی ہے جس کا فائدہ پاکستان کے اندرونی وبیرونی دشمنوں کو ہو سکتا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ دونوں فریقین اپنے اپنے کارکنان کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں۔آئین وجمہوریت کی پاسداری کیلئے ہار اور جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر جمہوری طریقے کے مطابق ووٹنگ میں حصہ لیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے، ہمیں چھوٹی پارٹی کہنے والے بھول گئے ہیں کہ ہم نے ملک اور جمہوریت کی خاطر بڑے فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کی مخالفت مول لینے کے باوجود ہم نے ہمیشہ تدبیر اور صلح جوئی کو ترجیح دی ہے اور اگر اس لڑائی میں کوئی مارا گیا یا کسی کو مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں