تحریک انصاف حکومت نے ڈی چوک جلسے میں ریفرنڈم کرانے کا اعلان بھی کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈی چوک کے جلسے کا انتظار کریں ، ایک دھکا دیا تو یہ بکھر جائیں گے ۔فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں ساری اپوزیشن کو پھونک سے گرجانے والے تاش کے پتوں جیسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھان متی کا کنبہ حکومت گرانا چاہتا ہے لیکن نہ وزیر اعظم کے امیدوار کا وجود ہے نہ وزیر اعلیٰ کا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ڈی چوک پر جلسہ ہوگا جس میں انشاء اللہ 10 لاکھ لوگ ہوں گے جبکہ جلسے سے ایک چھوٹا سا ریفرنڈم بھی ہو جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ اس جلسے سے گزر کر اسمبلی میں ووٹ ڈالنے کیلئے لوگوں کو جانا ہوگا اور واپسی بھی اسی مجمع سے گزر کر ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سارےننھے منے جلسے لے کر آنے والے دیکھ لیں گے کہ بڑا جلسہ کیا ہوتا ہے جبکہ اپوزیشن یہ بھی دیکھ لے گی کہ لوگ ہمارے ساتھ ہیں یا نہیں۔وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کا کوئی تک نہیں بنتا، 18 ویں ترمیم کے بعد ایمرجنسی کے اختیارات محدود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب سے اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائی ہے زبانوں میں بڑی تلخیاں پیدا ہوگئی ہیں جبکہ رائے شماری تک سیاسی فضاء میں اتنی تلخیاں ہوجائیگی کہ پاکستان کو نقصان ہوگا اس لیے میں سمجھتاہوں کہ اپوزیشن کوعدم اعتماد واپس لے لینی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں