نجی ائرلائن کی مسافر فیملی کا ڈائمنڈ سیٹ ، 19 لاکھ مالیت کا سونا چوری ہو گیا رائل ائرپورٹ سروس کے 3 ملازم گرفتار

کراچی (آئی این پی) نجی ائرلائن کی پرواز سے مسافر فیملی کا لاکھوں روپے مالیت کا سونا چوری ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور کی پرواز میں مسافر فیملی کے سامان سے 19 لاکھ کا سونا چوری ہوگیا ہے۔ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر شبینہ ناز 12 فروری کو کراچی سے سیال ائر کی پرواز پی ایف 145 سے لاہور گئیں تھی، تاہم کراچی ائرپورٹ پر بک کرایا گیا سامان فیملی لاہور ائیرپورٹ پر وصول کرکے ہوٹل پہنچی۔

ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ فیملی نے ہوٹل میں سامان چیک کیا تو ڈائمنڈ سیٹ اور 19 لاکھ مالیت کے زیور بیگ سے غائب تھے، خاتون نے کراچی پہنچ کر ائرپورٹ پولیس کو واقعہ کی فوری اطلاع دی۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق ایس ایچ او ائرپورٹ کلیم موسی کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے واردات کرنے والوں کا سراغ لگایا اور رائل ائرپورٹ سروس کے 3 ملازم آفتاب احمد، وقار حیدر اور سید ساجد حیدر واردات میں ملوث نکلے۔

ایس ایس پی ملیر نے مزید بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزمان کے قبضے سے 19 لاکھ روپے مالیت کے زیورات برآمد کرلیے گئے، گرفتار تینوں ملزمان کے خلاف ائرپورٹ تھانے میں ایف آئی آر نمبر 22/22 درج کرلی گئی ہے۔ ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق ملزمان نے زیورات جہاز میں لوڈ کرنے کے بعد سامان سے چوری کئے تھے۔پولیس تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ واردات کا تعین جہاز میں اس لیے کیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے بچ سکیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں