نواز شریف کی تاحیات نا اہلی برقرار رکھی جائے، سپریم کورٹ سے سابق وزیراعظم کیلئے بُری خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) سپریم کورٹ میں نوازشریف کی تاحیات نااہلی برقرار رکھنے کی درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نئی آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی تاحیات نااہلی برقرار رکھنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نواز شریف کو ٹرائل نے سزا سنائی، نواز شریف کو پاناما اسکینڈل میں عدالت عظمیٰ نے نا اہل کیا، تاحیات نا اہلی خاتمے کی درخواست نا قابل سماعت خارج کی جائے۔

درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی کہ نواز شریف کی تاحیات پارلیمانی سیاست سے نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا جائے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سپریم کورٹ میں نواز شریف اور جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی کے خلاف آئینی درخواست دائر کی گئی تھی۔یہ درخواست صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ احسن بھون کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں استعمال کیا جائے، آرٹیکل 184/3 کے اختیار کے تحت سپریم کورٹ بطور ٹرائل کورٹ امور انجام نہیں دے سکتی، آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا حق نہیں ملتا۔

درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا حق نہ ملنا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے، اپیل کے حق کے بغیر تا حیات نا اہلی نہ صرف رکن اسمبلی کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ متعلقہ حلقہ کے ووٹرز کے بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلوں میں آرٹیکل 62 کے اطلاق کے پیرامیٹرز طے کیے ہیں، آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت جو الیکشن چیلنج ہو صرف اس کو کالعدم کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں