کراچی (پی این آئی) کراچی کی سینٹرل جیل میں قید قتل کے مجرم کا تعلیم کے میدان میں بڑا کارنامہ، انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں اے ون گریڈ حاصل کرنے والے مجرم کو 10 لاکھ روپے کی اسکالر شپ کی پیشکش کر دی گئی- تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل میں قتل کے مجرم نعیم شاہ نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں اے ون گریڈحاصل کرکے سب کو بتادیا کہ تعلیم کہیں بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
نعیم شاہ نے انٹرمیڈیٹ میں 1100میں سے 954نمبر لیکراے ون گریڈ حاصل کیا۔ رپورٹس کے مطابق انٹر میڈیٹ میں اے ون گریڈ حاصل کرنے والا مجرم نعیم شاہ کو قتل کے جرم میں 25 سال قید سنائی گئی جبکہ وہ گزشتہ 11 سال سے جیل میں سزا کاٹ رہا ہے اور اسی دوران اس نے تعلیم بھی حاصل کی۔ ذرائع کے مطابق نعیم شاہ انٹرمیڈیٹ میں سب سے زیادہ نمبر لینے والے 20 طلبا میں شامل ہے۔دوسری جانب نعیم کی قابلیت کو دیکھ کر اسے انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی 10 لاکھ روپے کی ایدھی اسکالرشپ کی پیش کش کی گئی ہے۔ اس حوالے سے سینٹرل جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بازی لے جانے والے مجرم نعیم شاہ کو آئی سی اے پی نے اسکالر شپ آفر کی ہے۔ نتطامیہ کے مطابق مجرم نعیم شاہ کو قتل کیس میں 25سال کی سزا ہوئی ہے جبکہ اب تک نعیم شاہ گیارہ سال کی سزا مکمل کرچکا ہے۔
نعیم شاہ نے پرائیویٹ امیدوار کے طور پر86اعشاریہ 73 مارکس کے ساتھ اے ون گریڈ حاصل کیا اور اس نے بنیادی تعلیم بھی جیل میں رہتے ہوئے حاصل کی، سینٹرل جیل انتظامیہ کے مطابق مجرم نعیم شاہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ٹاپ 20 میں آیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں