آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہورہاہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر کی پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے وفد سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر بھر میں حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نفاذ اور گڈ گورننس کے اقدامات کی نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں روزبہ روز اضافہ ہورہاہے،عوام دیکھ رہے ہیں کہ حکومت آزادکشمیر خطے کی تعمیر وترقی اور تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے تاریخی کردار ادا کررہی ہے۔

دیگر روایتی جماعتوں کی لیڈر شپ اور اس کے کردار سے عوام اکتا چکے ہیں کیونکہ انہوں نے عوام کی خدمت کرنے کے بجائے ساری توجہ اقتدار کے مزے لینے پر رکھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلی سے راجہ عبدالقیوم کی سربراہی میں تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ایک وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرامور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈپور، صدرتحریک انصاف آزادکشمیر اور سینئر وزیرسردار تنویر الیاس خان، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور چیئر مین و زیراعظم معائنہ و عمل درآمد کمیشن راجہ منصور خان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل لبریشن سیل ارشاد محمود بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے نئے شامل ہونے والوں ن لیگ برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ عبدالقیوم،سپریم کورٹ بار کے سابق نائب صدر و ممبر مجلس عاملہ مسلم کانفرنس عقاب ہاشمی،راجہ امتیاز ایڈووکیٹ، راجہ محمد اقبال،راجہ ضیا،چوہدری صغیر،ماسٹر عزیز اوران کے ساتھیوں کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد دی اور کہا کہ پی ٹی آئی ایک فیملی کی طرح کام کرتی ہے۔انہوں نے راجہ عبدالقیوم خان اور ان کے خاندان کی سیاسی اور سماجی خدمات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ طویل عرصے سے سیاسی اور سماجی میدان میں سرگرم ہیں اور وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

پی ٹی آئی ان کی صلاحیتوں اور تجربے سے بھرپور استفادہ کرے گی۔ وزیراعظم سردارعبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر اور حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان کے فیصلوں کی مکمل تائید کرتی ہے جو وہ ملک اور قوم کی بہتری کے لیے کررہے ہیں۔ وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور نے نئے شامل ہونے والوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پارٹی میں ان کا جائز مقام دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کارکنان پی ٹی آئی کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں۔ یہ تاریخی موقع ہے کیونکہ حکومت اقتدار اور اختیار نچلی سطح پر منتقل کرنے جارہی ہے۔ تیس سال بعد عوام کو شریک اقتدار کیا جارہاہے۔ سینکڑوں کارکن بلدیاتی نظام کا حصہ بنیں گے۔

سردار تنویر الیاس نے راجہ عبدالقیوم اور ان کے ہمراہ شامل ہونے والے کو مبارک دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کے لیے بے لوث کام کریں گے اور اسے گراس روٹ تک منظم کرنے کے لیے جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر کی سب سے بڑی اور منظم پارٹی بن چکی ہے جس کی جڑیں گہری ہیں اور وزریراعظم خان کی پالیسیوں کو کشمیریوں میں بھرپور مقبولیت حاصل ہے۔سیکرٹری جنرل راجہ منصور خان نے بھی نئے شامل ہونے والوں کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کہ وہ پارٹی کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close