وفاقی حکومت کے ایک درجن سے زائد سینئر افسروں کے تقرر و تبادلے، کس کو کونسی زمہ داری ملی؟

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت کے مختلف شعبوں میں تعینات سیکریٹریٹ اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے ایک درجن سے زائد سینئر افسروں کے تبادلے و تقرر اور ترقیاں کردی گئی ہیں۔ اسلام آباد سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جمعہ کی رات اعلامیہ جاری کیا جس میں گریڈ 20 پر کام کرنے والے پی اے ایس گروپ کے 12 افسران کو گریڈ 21 میں ترقی دے دی گئی جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے پر کام کرنے والے گریڈ 20 کے 3 افسران کو انچارج ایڈیشنل سیکریٹری مقرر کردیا گیا۔

ایک دوسرے نوٹی فکیشن کے مطابق جن افسران کو گریڈ 20 سے 21 میں ترقی دی گئی ہے ان میں محکمہ آثار قدیمہ و ثقافت کے جوائنٹ سیکریٹری حسن رضا سعید شامل ہیں جن کا تقرر بطور سینئر جوائنٹ سیکریٹری کیا گیا ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں بطور جنرل ڈائریکٹر خدمات انجام دینے والی سبینا قریشی کو کابینہ ڈویژن کی سینئر جوائنٹ سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح وزیر اعظم کے دفتر میں جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر کام کرنے والے علی اصغر کو سینئر جوائنٹ سیکریٹری تعینات کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فنانس ڈویژن میں کام کرنے والے جوائنٹ سیکریٹری طاہر نور کو سینئر جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں جوائنٹ سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر شعیب اکبر کو سینئر جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان حکومت کے تحت زیر ملازمت علی طاہر اور پنجاب حکومت کے ماتحت کیپٹن اسد اللہ خان کو بھی ترقی دی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کے تحت کام کرنے والے محمد حسن اقبال کو ترقی دیتے ہوئے ان کا تبادلہ سندھ کردیا گیا ہے، جبکہ فواد احمد ربانی کو بھی اگلے گریڈ پر ترقی دی گئی ہے۔

حکومت پنجاب میں خدمات انجام دینے والے ایک اور افسر عامر علی احمد کو اگلے گریڈ میں ترقی دیتے ہوئے دارالحکومت اسلام آباد کے چیف کمشنر کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔ وزارت سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی کے جوائنٹ سیکریٹری زاہد علی عباسی کو ایڈیشنل سیکریٹری برائے کشمیر اور گلگت بلتستان امور تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کے تحت خدمات انجام دینے والے فلائٹ لیفٹیننٹ افتخار علی ساہو کو بھی گریڈ 21 پر ترقی دے دی گئی ہے

نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے ایڈیشنل سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی کو انچارج ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے جبکہ حمید یعقوب خان کا تبادلہ وزارت خزانہ میں کردیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج) کو نوتعمیر شدہ مشترکہ مفادات کونسل سیکریٹریٹ کا سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں