اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں مسافر کی جان بچانے والے کانسٹیبل کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش کر دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ پولیس کے کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو تمغہ شجاعت دینے کے لیے نامزد کردیا۔ انہوں نے صدر عارف علوی سے کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش کی، کانسٹیبل کو تمغہ شجاعت یوم پاکستان کے موقع پر 2023 میں دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ آئی جی سندھ نے بھی جمال کلہوڑو کو سول ایوارڈ دینے کی سفارش کی تھی۔واضح رہے کہ کانسٹیبل جمال کلہوڑو نے 17 اگست کو خیرپور ریلوے اسٹیشن پر مسافر کی جان بچائی تھی۔محرم الحرام میں رش کے باعث مسافر ٹرین کی چھت پر سوار ہوگئے تھے، خیرپور ریلوے اسٹیشن پر مسافر اچانک ٹرین کی چھت سے نیچے گر گیا تھا، چھت سے گرنے والا مسافر پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان پھنس گیا تھا، اسٹیشن پر ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل نے مسافر کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچایا تھا۔
کانسٹیبل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، وزیراعظم نے بھی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی اور کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں