اسلام آباد(آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے، تفصیلات کے مطابق منگل کو پاکستان میں تعینات بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر
تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں.پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ تعلقات یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں، وزیر خارجہ نے رواں سال جولائی میں اپنے دورہ بحرین کے دوران، بحرینی قیادت سے ہونیوالی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین اعلی سطحی روابط کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے ، پاکستان، بحرین کے ساتھ دو
طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کاخواہاں ہے، بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا، بحرینی سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو’’منامہ ڈائیلاگ‘‘کے آئندہ اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں