بلوچستان حکومت کا تختہ الٹنے سے بچ گیا، وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروانے والے اراکین کو منا لیا گیا

کوئٹہ(پی این آئی)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والے ارکان اسمبلی کو منا لیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام کرنے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی بلوچستان میں سیاسی بیٹھکوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹر منظور کاکڑ، سینیٹر احمد خان، سینیٹر سرفراز بگٹی بھی متحرک ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی کو منا لیا ہے۔ جس کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ساتھ 40 سے زائد صوبائی اراکین اسمبلی ساتھ کھڑے ہیں۔چئیرمین سینیٹ نے ناراض صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کےلے کمیٹی کے قیام کی یقین دہانی کرا دی، کمیٹی اگلے ہفتے قائم کی جائے گی، جو سینیٹرز، ارکان قومی اسمبلی اور صوبائی وزرا پر مشتمل ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی، اپوزیشن کا دعویٰ تھا کہ تحریک عدم اعتماد میں برسراقتدار جماعت کے ارکان بھی جام کمال کے خلاف ان کا ساتھ دیں گے۔تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد سے صادق سنجرانی متحرک تھے اور انہوں نے متعدد رہنماؤں سے خود ملاقاتیں کی تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں