اپوزیشن صر ف اپنی کرپشن چھپانے کے لئے ملک کے اندر افراتفری پھیلانے کے در پے ہے، غلام سرور خان

واہ کینٹ ( آن لائن)وفاقی وزیرہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ دنیا میں دو ممالک مذہب کے نام پر معرض وجود میں آئے ایک پاکستان جو لا الہ کے نام پر قائد اعظم محمد علی جناح نے حاصل کیا اور دوسرا اسرائیل ، پاکستان کی بنیاد میں ہمارے آبائو اجداد کے خون اور قربانیاں ہیں ایک وہ مسلم لیگ تھی جس نے پاکستان آزاد کرایا اور ایک مسلم لیگ(ن) ہے جس نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دیں نہ صرف ملکی دولت لوٹی بلکہ ملک کے اداروں کو بھی تباہ

کیا، ایک جانب ملک و قوم کی ترقی چاہنے والی تحریک انصاف ہے تو دوسری جانب وہ اپوزیشن ہے جو ملک و قوم کے بجائے صرف اور صر ف اپنی کرپشن چھپانے کے لئے ملک کے اندر افراتفری پھیلانے کے در پے ہے، انشااللہ پاکستان ترقی بھی کریگا اور عوام بھی خوشحال ہونگے،کینٹ بورڈ کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کس بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے، عوام نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں ،،ووٹ کو عزت دو،، کے بیانیے کو بری طرح مسترد کر دیا ہے کینٹ بورڈ انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن) کو عوام مسترد کر دے گی ویسے تو ہم انشااللہ کینٹ بورڈ واہ اور کینٹ بورڈ ٹیکسلا میں کلین سویپ کرینگے مگر آج کے جم غفیر کو دیکھ کر میں ساجد خان کو پیشگی جیت کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹیکسلا

کینٹ وارڈ نمبر تین میں امیدوار برائے کینٹ بورڈ ٹیکسلا وارڈ نمبر تین ساجد خان اور اشفاق کیانی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا، تقریب سے ممبر قومی اسمبلی منصور حیات خان، ممبر صوبائی اسمبلی عمار خان، ساجد محمود خان،عزیزاللہ نیازی، اور پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری ٹیکسلا کینٹ اکبر خان نے بھی خطاب کیا، تقریب میں تحریک انصاف تحصیل ٹیکسلا کے صدر ملک ایاز محمود،چئیرمین زکواۃ کمیٹی ضلع راولپنڈی حاجی غلام حسن خان، سید چن شاہ کاظمی، ملک عظمت محمود، ملک محمد پرویز، راجہ شیراز احمد شیرازی، ملک عاشق حسین اعوان، امریز خان، جنید خان، امیر خان، اکبر خان، ملک ظہور، امتیاز حسین شاہ، ملک امیر ، رفیق خان، زبیر خان، سید بلال شاہ، راجہ محبوب، ماسٹر انیس کمال، عارب خان، ابراھیم یوسف خان، ملک یاسر صدیق،ماسٹر ظہیر خان سمیت وارڈ نمبر تین ٹیکسلا کینٹ کے عمائدین کی کثیر تعداد موجود تھی، غلام سرور خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دور رس پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنے شروع ہو چکے ہیں ، تین سال تک حکومت سابقہ حکومت کے گند کو صاف کرتی رہی، اداروں کو تحفظ دیا اور مضبوط کیا جن کو سابقہ حکمرانوں نے اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا اور سیاسی بھرتیاں کیں جس سے ادارے مفلوج ہو چکے تھے انھوں نے کہا کہ انشااللہ اب وہ موقع کسی بھی لٹیرے کو نہیں ملے گا، اب نیا پاکستان بن رہا ہے اور اس میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ، جو بھی قانون کے خلاف کام کریگا یا اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہوگی، بارہ ستمبر کو عوام بلے پر مہر لگا کر ثابت کرینگے کہ کرپشن فری پاکستان چاہئیے نہ کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کو دوبارہ مسلط کیا جائے، مسلم لیگ(ن) کے پاس عوام کے لئے کوئی پروگرام نہیں ، امیدوار برائے کینٹ بورڈ ٹیکسلا وارڈ نمبر تین ساجد محمود خان اور اشفاق کیانی نے تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں