سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے حملہ آور ہے، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا راج ہے،بلاول

ٹنڈو الہ یار(آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے حملہ آور ہے، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا راج ہے۔ اس حکومت کا اصل چہرہ ہی مہنگائی اور غربت ہے۔ ہفتہ کوٹنڈو الہ یار میں 28 اگست بروز ہفتہ ورکرز سے خطاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب بھی سلیکٹڈ حکومت آتی ہے، عوام کا خون چوستی ہے، کوئی جماعت سلیکٹڈ کا مقابلہ کرسکتی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے، حکومت عوام کے معاشی قتل پر اتر آئی ہے، ماضی میں کبھی غربت اور مہنگائی میں اتنا اضافہ نہیں ہوا۔بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان اسٹیل بند کرکے 10 ہزار خاندانوں کو بے روزگار کردیا، ایک ہی صوبہ ہے، جہاں پبلک سروس کمیشن پر تالا لگا ہوا ہے۔ خان صاحب روٹی، چھت، روزگار چھین رہے ہیں، اس حکومت نے ملک کو تاریخی نقصان پہنچایا ہے۔ عمران خان نے اپنی 3 سال کی تباہی کا جشن منایا۔بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ کیا ہماری قسمت میں لکھا ہے کہ ہمیشہ غریب ہی رہیں گے؟ جیالے جانتے ہیں کہ احتجاج اور مارچ کیسے کیا جاتا ہے۔ شہید بی بی نے ایک نہیں 2 آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا۔ تبدیلی کا اصل چہرہ صرف مہنگائی اور غربت ہے۔ مگر ملک میں کوئی جماعت اپوزیشن کرسکتی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے، کارکنان سے کہتا ہوں کہ ناکام ترین حکومت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہو جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں