لندن (پی این آئی)لندن کے مقامی ہوٹل میں مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نکاح کی تقریبات، شریف خاندان کے خلاف مظاہرین کی بڑی تعداد ہوٹل کے سامنے پہنچ گئی، لیگی اراکین نے مظاہرین کو زدو کوب کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نکاح کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ہائیڈ پارک کارنر پر واقع لینز برو ہوٹل میں مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نکاح کی تقریبات جاری تھی کہ اس دوران مظاہرین کی بڑی تعداد ہوٹل کے سامنے پہنچی اور شریف خاندان کے خلاف مظاہرہ شروع کردیا۔رپورٹ کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہمارے ملک کا سرمایہ لوٹ کر لائے ہیں، تقریب میں ملک کی لوٹی ہوئی دولت کا استعمال کیاجارہاہے۔دوسری جانب تقریب میں موجود لیگی کارکنان نے سڑک پار مظاہرہ کرنے والے مظاہرین کو زودکوب کی، مشتعل لیگی کارکنان نے مظاہرے میں موجود خواتین سے بدتمیزی بھی کی، لیگی کارکنان کا کہنا تھا کہ نکاح کی تقریب میں کسی کو رنگ میں بھنگ نہیں ڈالنے دینگے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تاریخ طے ہونے سے متعلق اعلان کیا تھا ، انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے کا نکاح سیف الرحمن خان کی صاحبزادی کے ساتھ لندن میں ہو گا ، ٹوئٹر پر بیٹے کی شادی کا کارڈ شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میرے بیٹے جنید صفدر کا نکاح 22 اگست کوعائشہ سیف الرحمن سے لندن میں ہو گا ، لیکن بدقسمتی سے میں نکاح میں شرکت نہیں کرسکوں گی ، میرے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے اور میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں جیل میں تھی جب میری والدہ کی وفات ہو گئیں اور اب میں اپنے بیٹے کی خوشیوں میں بھی شریک نہیں ہو سکوں گی لیکن اس کے باوجود حکومت سے باہر جانے کے لیے درخواست نہیں کروں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں