کورونا وائرس کی چوتھی لہر ، بلدیاتی انتخابات کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنے پر غور شروع

پشاور(آئی این پی)خیبرپختونخوا حکومت نے افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال اور کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے باعث رواں برس منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنے پر غور شروع کردیاہے جس کی تصدیق سرکاری ذرائع سے بھی کی گئی ہے تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ ہفتے کو تفصیلات کے مطابق واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں آخری مرتبہ بلدیاتی انتخابات 2015میں منعقد ہوئے تھے جس میں ضلع ،تحصیل اور نیبرہڈ وویلیج کونسلوں پرمشتمل سہ درجاتی نظام کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرایا گیا تھا تاہم اگست 2019 میں مذکورہ سیٹ اپ کے خاتمے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں ہوپایا، صوبائی حکومت نے بلدیاتی نظام کو سہ درجاتی سے تبدیل کرتے ہوئے دو درجاتی کرنے سے متعلق قانون بھی اسمبلی سے منظور کرارکھا ہے جس کے تحت اضلاع کی سطح کا سیٹ اپ ختم کردیا گیا ہے اور اب تحصیلوں اور ویلیج ونیبرہڈ کونسلوں پر مشتمل دو درجاتی نظام کے تحت بلدیاتی انتخابات ہونے ہیں،تاہم اب افغانستان کی مسلسل بدلتی ہوئی غیریقینی صورت حال اور ملک بھر میں جاری کورونا کی چوتھی لہر کے باعث صوبائی حکومت کو بیوروکریسی اور انتظامیہ کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک سال کے لیے ملتوی کیاجائے کیونکہ موجودہ حالات میں ہر گلی ،محلہ کی سطح پر انتخابی مہم اور پولنگ کا انعقاد خطرات سے خالی نہیں ہوگا، جس میں امن وامان کی صورت حال کے علاوہ کورونا کا مرض بھی پھیلنے کا امکان موجود رہے گا۔مذکورہ تجویز سے صوبائی حکومت نے بھی اتفاق کیا ہے تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔***

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں