میٹرو بس میں سفر کرنے والوں کیلئے خوشخبری، حکومت نے نئی اور جدید بسوں کا انتظام کر لیا

لاہور (پی این آئی) لاہور میٹرو بس سروس کی حالت اب بہتر ہو جائے گی، نئی اور جدید بسوں کا انتظام کر لیا گیا، بسیں ستمبر میں آپریشنل کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی میٹرو بس ٹریک پر ستمبر 2021ء سے 50 نئی بسیں چلائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ چینی کمپنی کی تیار کردہ ان بسوں کی کھیپ 22 جولائی تک کراچی پورٹ پر پہنچ جائے گی، جبکہ اگست کے وسط میں یہ بسیں لاہور پہنچا دی جائیں گی۔یہ بھی بتایا گیا ہ کہ مذکورہ کمپنی کی ایک بس لاہور پہنچ چکی ہے جسے متعلقہ بس ڈپو میں کھڑا کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عثمان بزدار کی پنجاب حکومت لاہور میٹرو بس منصوبے کی تباہ حالی کی وجہ سے مسلسل شدید تنقید کی زد میں ہے۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس نے لاہور میٹرو بس منصوبہ تباہ کر دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ میٹرو بس ٹریک پر چلنے والی بسوں کی تعداد 60 میں سے 43 رہ گئی ہے۔کئی میٹرو بسیں مستقل طور پر ناکارہ ہو چکی ہیں جن کی مرمت کرنے کی بجائے انہیں کھڑا کر دیا گیا ہے۔ جبکہ شدید گرمی کے موسم میں بسوں کے اے سی بھی کام کرنا چھوڑ گئے ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کی بسوں میں سفر کرنا انتہائی مشکل ہو چکا۔ پنجاب حکومت نے کچھ عرصہ قبل ہی ایک نئی کمپنی کو لاہور میٹرو کا آپریشنل ٹھیکہ دیا تھا، تاہم کمپنی میٹرو بس کی حالت میں بہتری نہیں لا سکی۔اس تمام صورتحال میں پنجاب حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ لاہور کے سب سے پہلے ماس ٹرانزٹ منصوبے میٹرو بس کی سروسز مزید بہتر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بتایا گیا ہےکہ لاہور میٹرو بس آپریٹ کرنے کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی نئی بسیں آپریٹ کرے گی۔ ملک کے سب سے پہلے جدید ماس ٹرانزٹ منصوبے لاہور میٹرو بس کیلئے 10 سال بعد نئی بسیں حاصل کر لی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت کے حکام کے مطابق اگلے چند ماہ کے دوران لاہور میٹرو بس سے متعلق تمام مسائل کو حل کر لیا جائے گا۔میٹروبس میں سفر کرنے والوں کیلئے خوشخبری ، حکومت نے نئی اور جدید بسوں کا انتظام کر لیا

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں