دُبئی(پی این آئی) ایمرٹس ائیرلائن نے اگلے ماہ سے پروازوں کی بحالی کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان سے دبئی کیلئے مسافر پروازوں کی بحالی کی ممکنہ تاریخ بتا دی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی شہریوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایمرٹس ائیرلائن کے نمائندے نے بتایا کہ ائیرلائن نے 7 جولائی سے پاکستان سے دبئی کیلئے پروازیں شیڈول کر رکھی ہیں، تاہم کرونا وبا کی وجہ سے صورتحال کسی بھی وقت بدل سکتی ہے۔ایمرٹس ائیرلائن 7 جولائی سے پاکستان سے دبئی کیلئے مسافر پروازوں کے آغاز کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم ہمیں علم نہیں کہ عائد سفری پابندیاں ختم کر دی جائیں گی یا ان پابندیوں میں مزید توسیع ہو گی۔لہذا جو لوگ امارات کا سفر کرنے کے خواہش مند ہیں، وہ ایمرٹس ائیرلائن کی ویب سائٹ کا وزٹ کر کے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہیں۔ یہاں واضح رہے کہ 2 روز قبل امارات کی سب سے بڑی ائیرلائن ایمرٹس کی جانب سے یہ وضاحت کی گئی تھی کہ پاکستان سے مسافر پروازوں کی دبئی آمد پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد ہے۔رواں ماہ کے آغاز میں ایمرٹس ائیرلائن کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ائیرلائن پاکستان سے دبئی کیلئے اپنی مسافر پروازیں 6 جولائی تک معطل رکھے گی، تاہم پھر ہفتے کے روز ٹوئٹر پر ایک پاکستانی شہری کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ائیرلائن حکام کی جانب سے جواب دیا گیا کہ نہیں معلوم کہ پاکستان سے مسافر پروازوں کی دبئی آمد کی اجازت کب دی جائے گی، لہذا ایمرٹس کا پاکستان سے دبئی کیلئے کمرشل پروازوں کا آپریشن غیر معینہ مدت کیلئے معطل رہے گا۔ لیکن اب 2 روز بعد ہی اماراتی حکومت کے کسی اعلان کے بنا ہی ایمرٹس ائیرلائن کے حکام نے نیا بیان جاری کر کے پاکستان سے دبئی کیلئے پروازوں کی 7 جولائی سے بحالی کا عندیہ دے دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں