اسلام آباد ایف نائن پارک ماس سینٹر پر ویکسینیشن روک دی گئی، شہریوں کی ہنگامہ آرائی

اسلام آباد(آئی این پی) ایف نائن پارک ماس ویکسینیشن سینٹر پر شہریوں کو کرونا ویکسینیشن روک دی گئی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں نے ہنگامہ آرائی کی،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ایف نائن پارک ویکسینیشن سینٹر پر شہریوں نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی، مظاہرین نے الزام لگایا ہے کہ انتظامیہ شہریوں کو ویکسین نہیں لگا رہی ہے،ہنگامہ آرائی کے بعد ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ایف نائن ماس ویکسینیشن سینٹر پہنچ گئے، ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے شہری ویکسینیشن کے لیے اسلام آباد آر ہے ہیں، اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ تمام شہریوں کو ویکسین لگائی جائے، لیکن امید سے زائد افراد آنے پر طلب و رسد کے مسائل سامنے آ رہے ہیں،ڈاکٹر زعیم نے شہریوں سے کہا کہ ویکسینیشن سینٹر میں کرونا ویکسین کا اسٹاک موجود ہے، جن میں کین سائینو کی 10ہزار ڈوز اور سائینو فارم ویکسین کی 60ہزار ڈوز شامل ہیں،دوسری طرف ویکسینیشن سینٹر پر کھڑے مظاہرین کا کہنا تھا کہ مرکز پر آسٹرازینیکا ویکسین دستیاب نہیں ہے،مظاہرین کی جانب سے ماس ویکسینیشن سینٹر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی، جس پر انتظامیہ نے پولیس سے مدد طلب کر لی، اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس کی بھاری نفری ایف نائن ماس ویکسینیشن سینٹر پہنچ گئی، ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں سے شہری آنے پر ویکسینیشن کائونٹرز پر لوڈ بڑھ گیا ہے، اسلام آباد میں یومیہ 25ہزار ویکسین لگانے کی صلاحیت ہے، تاہم اس میں مزید اضافہ کر رہے ہیں،انھوں نے کہا کہ اب تک کسی شہری کو ویکسین لگانے سے انکار نہیں کیا گیا ہے، بیرون ملک جانے والوں کو درپیش مشکلات کا بھی اندازہ ہے، تاحال آنے والے تمام افراد کی ویکسینیشن کی گئی ہے، ای پی آئی سے اضافی ویکسین طلب کی ہے، اور کچھ ہی دیر میں دوبارہ ویکسین کا آغاز ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں