پاکستان سےاس سال حج پر جانے کے خواہشمند کیا کریں؟

جدہ (پی این آئی) سعودی عرب کی وزارت حج نے اس سال حج سے متعلق اہم ترین فیصلے کا اعلان کر دیا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج کے فیصلے کے مطابق صرف سعودی شہری اور سعودی عرب میں مقیم افراد ہی رواں سال حج کرسکیں گے اور اس طرح حج کی خواہش رکھنے والے دیگر ممالک کے شہریوں کو رواں برس حج کے لیے آنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔اس حوالے سےسعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال اور وائرس کی ابھرتی ہوئی نئی اقسام کو دیکھتے ہوئے حجاج کی تعداد کو محدود کیا گیا ہے۔سعودی وزارت حج نے حاجیوں کی تعداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ رواں برس صرف 60 ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت ہوگی اور ان تمام افراد میں سعودی عرب کے شہری اور ملک میں رہنے والے غیر ملکی شامل ہوں گے۔سعودی وزارت حج کا کہنا ہےکہ حج کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری ہےکہ وہ کسی لاعلاج مرض میں مبتلا نہ ہوں۔اس کے علاوہ حج کرنے کے لیے عمر کی حد 18 سے 65 سال رکھی گئی ہے اور حج کرنے کے خواہش مند افراد کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہونا ضروری ہے۔اس حوالے سے پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سے اس سال حج کرنے کے خواہشمند افراد کو صبر سے کام لینا ہوگا اور مناسب وقت کا انتظار کرنا ہو گا کہ جب سعودی حکومت بیرون ملک سے مسلمان شہریوں کو حج کی اجازت دے گی وہ تبھی جا سکیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں