پرچی شہزادہ وزیراعلی بزدار پر تنقید سے پہلے اپنے بارے میں سوچے، فردوس عاشق اعوان

لاہور(آئی این پی) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پرچی شہزادہ عوامی وزیراعلی بزدار پر تنقید سے پہلے اپنے بارے میں سوچے، اپوزیشن جماعتیں صرف ذاتی مفادات کی جنگ لڑرہی ہیں، اپوزیشن حقیقی عوامی خدمت اور ملکی تعمیر و ترقی سے خائف ہے،ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی قیادت میں کئی منصوبے کامیابی سے مکمل ہوچکے، عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ پنجاب میں بے شمار ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے پنجاب ترقی کی نئی منازل طے کرے گا،معاون خصوصی نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر کہا کہ پرچی شہزادہ عوامی وزیراعلی بزدارپرتنقید کرنے سے پہلے اپنے بارے میں سوچے،پرچی شہزادے کو پہلے قائم علی شاہ، مرادعلی شاہ جیسی سوغاتوں کے بارے میں سوچنا چاہئے،فردوس عاشق نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف ذاتی مفادات کی جنگ لڑرہی ہیں، اپوزیشن حقیقی عوامی خدمت اور ملکی تعمیر و ترقی سے خائف ہے،فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ بہت جلد پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے عوام کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آئے گی، سندھ کے عوام پر مسلط پیپلز پارٹی دوسروں پر ذاتی حملوں کے بجائے عوامی خدمت پر توجہ دے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں