اسلام آباد(آئی ا ین پی ) وزیراعظم عمران خان نے حزب مخالف کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود کو ڈیموکریٹک موومنٹ کہنے والے فوج سے کہتے ہیں حکومت گرادو،کل بھی اپوزیشن نے مل کر ڈرامہ کیا کہ ملک بربادی کی طرف چلاگیا،ہماری حکومت کے پہلے ہی ہفتے میں کہا جانے لگا کدھر ہے نیا پاکستان اور حکومت ناکام ہوگئی،ہم نے ڈھائی سال بہت صبر سے گزارے، میڈیا میں بہت تنقید ہوئی، مافیا سے یا کرپٹ نظام سے آزادی جدوجہد کا نام ہے، کبھی ایسا نہیں ہوتا کہ آپ ایک دم آزاد ہوجائیں۔ وزیر اعظم عمران خان لودھراں تا ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن و بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں آنے کے پہلے ہفتے ہی لوگوں نے سوال کرنا شروع کردیا تھا کہ نیا پاکستان کہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت صبر کیا، اپوزیشن نے بھی بہت تنقید کی اور ہمارے لوگوں کو بہت مشکل وقت سے گزرنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بھی میڈیا نے ایسا تاثر دیا تھا کہ ایک بٹن دباتے ہی نیا پاکستان بن جائے گا، معاشرے میں جدوجہد سے تبدیلی آتی ہے، کوئی معاشرہ بغیر جدو جہد کے تبدیل نہیں ہوسکتا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ایسے ہی ہے جیسے خود کو آزاد کرنا ہے جیسے انگریزوں سے آزادی حاصل کی گئی تھی، چاہے مافیا سے یا کرپٹ نظام سے آزادی حاصل کرنی ہو یہ فورا نہیں ہوسکتی اس کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نظام بدلنے کے لیے ایک بہت بڑی جدو جہد چل رہی ہے، ہر جگہ مافیا بیٹھے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ یہ حکومت ناکام ہو تاکہ وہ اسی طرح کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھاسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جو اس وقت جدو جہد کر رہا ہے وہ ہمارے آنے والے نسلوں کے لیے بہت اہم جدو جہد ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ جدو جہد قانون کی حکمرانی کی جدو جہد ہے، آج جو بھی ملک خوشحال ہے وہاں قانون کی حکمرانی ہے، وہاں کوئی چینی، قبضہ، سیاسی مافیا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ ہمیں این آر او دے دو نہیں تو ہم حکومت گرادیں گے، فوج کو بلارہے ہیں کہ وہ آکر حکومت گرادے، خود کو جمہوری کہتے ہیں اور فوج کو کہہ رہے ہیں کہ حکومت گرادو، ان سب کا مقصد اپنے مفادات کا تحفظ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مافیاز اپنے مفادات کی حفاظت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس کے لیے یہ کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہیں، ان کے باہر اربوں ڈالر پڑے ہیں اور انہیں ڈر ہے کہ یہ حکومت ان کے پیسے واپس لے آئے گی ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی چوریاں سامنے آرہی ہیں اس لیے ان کی کوشش ہے کہ اس سے پہلے پہلے حکومت گرادیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں