پی ٹی آئی کی حکومت کا دور ختم ہونے والا ہے، سینئر سیاستدان نے حیران کن پیشنگوئی کر دی

صوابی ( آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر اور سابق وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی انجینئر امیر مقام نے دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کا دور ختم ہونے والا ہے۔ آنے والا دور پاکستان مسلم لیگ ن ، میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مختصر دورہ صوابی کے دوران پارٹی ورکروں سے مختصر خطاب کے دوران کیا اس موقع پر انہوں نے سابق ایم پی اے و لیگی رہنما حاجی جان بہادر خان کی اہلیہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے علاوہ پارٹی کارکنوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں عید الفطر مبارک باد دی اور کہا کہ صوابی اور بونیر کے لوگ انتہائی پیار اور محبت اور دوستی نبھانے والے ہیں اس لئے میں نے کارکنوں نے عید الفطر مبارک باد کے لئے پشاور آنے کی زحمت دینے کی بجائے خود صوابی آنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ انتہائی محبت اور پیار کرنے والے ہیں۔ہمارے خیبر پختونخوا میں دوستی نبھانے اور مہمان نوازی میں صوابی والوں کا کردار سب سے آگے ہیں انہوں نے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مرکز اور صوبوں میں قائم پاکستان تحریک انصاف کی حکومتوں کا دور ختم ہونے والا ہے۔ آنے والا دور ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ ن کا ہو گا جس میں ملک کا آئندہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف ہو گا انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت جلد تبدیلی آنے والی ہے کیونکہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت سے نہ صرف سرکاری ملازمین ، تاجر، ڈاکٹرز، عوام بلکہ خود پی ٹی آئی کے اپنے ورکرز بھی نالاں ہیں۔اور ان کے ناکام حکومت اورمایوس کن کارکر دگی کو سمجھ چکے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کا حل مسلم لیگ ن اور ان کی قیادت میں ہے ۔ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی مسلم لیگ ن اقتدر میں آکر پاکستان کو مسائل کے دلدل سے نکالے گی۔اور ملک کو بحرانوں سے نکال کر ایک بار پھر تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ ملک ہے جب اس ملک میں غریبوں کو ایک وقت کی روٹی ملنا بھی مشکل ہو تو عوام کے مشکلات میںمزید اضافہ ہو تا جائیگا کیونکہ پی ٹی آئی کی حکومت آئے روز نہ صرف پیٹرول ، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں دس دس روپے اضافہ کر رہے ہیں بلکہ آٹا ، چینی اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ کر کے غریبوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہوئی ہے۔ جبکہ ادویات کی قیمتوں میں نہ صرف سو گنا اضافہ کیا گیا بلکہ برائے نام مفت علاج پر عوام کو ٹرخایا جارہا ہے اسی طرح عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کر دیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان صرف سعودی اور امارات کے شیخ کی گاڑی کی ڈرائیونگ کر رہے ہیں۔ڈرائیونگ سے ملک کا وقار بلند نہیں ہو سکتااور نہ ہی ڈرائیونگ سے کام چل سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اب سعودی سمیت امارات اور خلیجی ممالک میں پاکستانی لوگ مزدوری کرنے نہیں جا سکتے جس کی وجہ سے پاکستان میں مزید غربت میں اضافے کا اندیشہ ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت داخلی اور خارجی سطح پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے عوام حکومت سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں