پہلا صوبہ جس نے نویں سے بارہویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو عید تک بند کرنے کا اعلان کردیا

پشاور(پی این آئی) خیبر پختون خوا حکومت نے نویں سے بارویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو عید تک بند کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختون حکومت نے ایک بار پھر کورونا زد اضلاع میں نویں سے بارویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے بعد پھر عید تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔صوبائی حکومت نے این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں 19 اپریل کو صوبے کے 21 کورونا متاثرہ اضلاع میں نویں سے بارویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو کھولا تھا، تاہم گزشتہ روز کے این سی او سی اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں اب دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اعلامیے میں پیر 26 اپریل سے عید تک نویں سے انٹر تک کے تعلیمی ادارے بند ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ کے پی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کوروناوائرس کی 5 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں تعلیمی ادارے بشمول کلاس نہم سے بارہویں تک بند رہیں گے، تاہم آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق صوبے میں تمام کاروبار شام 6 سے سحری تک بند رہیں گے، البتہ ادویات کی دکانیں، ویکسینیشن مراکز، تندور، ٹیک اوے کے لیے ہوٹل وریستوران اور پٹررول پمپ کھلے رہیں گے، ہفتہ اور اتوار کے دودن تمام کاروباری مراکز بند البتہ اشیائے خوردونوش اور ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی، جب کہ تمام سرکاری و نجی دفاتر صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے، اور دفاترمیں 50 فیصد عملہ دفاتر اور نصف گھروں سے کام کرے گا، فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد سواریاں سفر کرسکیں گی، صوبہ بھر میں تمام سینما اور مزارات بند، تمام کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، تفریحی پارک، انڈور جمز اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے، جب کہ نماز تراویح کا انعقاد کھلی جگہوں پر کیا جائے گا، جس کے لیے انتظامیہ علماء کے ساتھ رابطے میں رہے گی، تمام احکامات تاحکم ثانی نافذالعمل رہیں گے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ وفاقی وزارت تعلیم نے ملک بھر میں پہلی سے آٹھویں تک اسکولزعید تک بند رکھنے کا اعلان کررکھا ہے، جب کہ جب کہ 9 ویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے سخت کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی تھی۔ دوسری جانب خیبرپختون خوا حکومت نے 19 اپریل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا تعطیلات سے بند صوبے کے 21 اضلاع میں نویں سے بارویں تک زیر تعلیم بچوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تین دن ہر کلاس کے آدھے بچے آئیں گے اور پھر اگلے تین دن باقی بچے آئیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close