پیٹرول کی فی لیٹر قیمت صرف تین روپے سولہ پیسےمگر کہاں؟ دلچسپ تفصیلات آگئیں

لاہور (پی این آئی) پاکستان میں ہر 15 دن کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں طے کی جانے لگی ہیں اور گزشتہ کچھ ماہ سے پٹرول مسلسل مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اس وقت ایک لٹر پٹرول 111 روپے 90 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ تیل کی دولت سے مالا مال جنوبی امریکہ

کے ملک وینز ویلا میں ایک لٹر پٹرول کی قیمت صرف تین روپے 16 پیسے ہے جو کہ دنیا میں سب سے کم ترین ہے۔ اگرچہ یہ ملک تیل کی دولت سے مالا مال ہے لیکن کرپٹ انتظامیہ اور بدعنوان حکومت کی وجہ سے اس کی بڑی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے، یہاں کے شہری اپنی غربت مٹانے کیلئے دوسرے ملکوں کا رخ کرتے ہیں اور بعض اوقات غیر قانونی طریقوں سے اپنے ملک سے ’جان‘ چھڑا کر پڑوسی ملکوں میں محنت مزدوری کو ترجیح دیتے ہیں۔ویب سائٹ گلوبل پٹرول پرائس کے مطابق دنیا میں سب سے مہنگا پٹرول ہانگ کانگ میں ہے جہاں اس کی فی لٹر قیمت 384 روپے ہے۔ ایران اپنے شہریوں کو سستا ترین پٹرول فراہم کرنے والے ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے ، یہاں فی لٹر پٹرول نو روپے ساڑھے 62 پیسے میں فروخت ہوتا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والا ملک سعودی عرب اس فہرست میں 16 ویں نمبر پر ہے جہاں ایک لٹر پٹرول کی قیمت 81 روپے 96 پیسے ہے۔ دنیا کا ایک اور بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک روس پٹرول کی 102 روپے 26 پیسے فی لٹر قیمت کے ساتھ 26 ویں نمبر پر ہے۔اپنے شہریوں کو پٹرولیم مصنوعات سستی فراہم کرنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 30 واں ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی معیشت اور تیل کی دولت سے مالا مال امریکہ 123 روپے 79 پیسے فی لٹر قیمت کے ساتھ 40 ویں نمبر پر ہے۔تیل کی قیمتوں میں چین کا نمبر 87 واں ہے جو اپنے شہریوں کو 168 روپے 60 پیسے فی لٹر پٹرول مہیا کرتا ہے۔ پڑوسی ملک بھارت میں فی لٹر پٹرول 203 روپے 73 پیسے ہے اور اس کا اس فہرست میں 116 واں نمبر ہے۔اپنے شہریوں کو مہنگا ترین پٹرول فروخت کرنے میں یورپی ممالک سب سے آگے ہیں۔ اگر مہنگے ترین ممالک کی فہرست کو نیچے سے پڑھا جائے تو ہانگ کانگ اور وسطی افریقی جمہوریہ سے اوپر اکثر یورپی ممالک ہیں جہاں پٹرول کی فی لٹر قیمت 200 سے 300 روپے سے زائد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close