پاکستان میں موٹرویز کا نیا جال بچھانے کی تیاریاں، حکومت نے رواں سال متعدد نئی موٹرویز کی تعمیر کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں موٹرویز کا نیا جال بچھانے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے ملک میں مزید موٹرویز کا جال بچھانے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ وزارت مواصلات کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں جلد کئی نئی موٹرویز کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔

رواں سال 4 نئی موٹرویز حیدرآباد سکھر، دیر سوات ، ڈی آئی خان پشاور، سیالکوٹ کھاریاں راولپنڈی کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان میں سب سے اہم سکھر تا حیدرآباد موٹروے کی تعمیر رواں سال اپریل میں شروع ہوگی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے پشاور تا کراچی موٹروے مکمل ہو جائے گی۔ سکھر تا حیدرآباد موٹروے 306 کلومیٹر طویل ہوگی۔ گزشتہ سال خبر سامنے آئی تھی کہ 306 کلومیٹر طویل موٹروے منصوبے کے ٹینڈر کے دوران غیر ملکی کمپنیوں نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا، صرف ایک کمپنی کی جانب سے بولی میں حصہ لیا گیا۔بتایا گیا تھا کہ سی پیک کے تحت 204.28 ارب روپے کی لاگت کی سکھر تا حیدرآباد موٹر وے (ایم 6) کی تعمیر گزشتہ سال کے آخر تک شروع ہوگی، تاہم بعد ازاں مختلف وجوہات کی بنا پر منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔ اور اب بتایا گیا ہے کہ منصوبے کے آغاز کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس موٹروے کی تکمیل کے ساتھ ہی مشرقی روٹ پر پشاور تا کراچی موٹر وے پرسفر کا وقت کم ہوجائے گا۔یہ ملک کی چوتھی طویل ترین موٹروے ہوگی۔ سکھر حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کے حوالے سے 2016 میں ابتدائی کام کا آغاز کیا گیا تھا، تاہم تحریک اںصاف کی حکومت آنے کے بعد منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔ پھر گزشتہ سال ایکنک کی جانب سے منصوبے کی تعمیر شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ دوسری جانب وزارت مواصلات کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال ناصرف سکھر حیدرآباد، بلکہ دیگر کئی موٹرویز منصوبوں کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔ ان میں سوات موٹروے فیز 2، ڈی آئی خان پشاور موٹروے، دیر موٹروے اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close