ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے کورونا کے خلاف جدوجہد میں میڈیا اور این سی اوسی کی تعریف، دوسری لہر میں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے

راولپنڈی (این این آئی) ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار کی جانب سے عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران میڈیا اور نیشنل کمانڈ اور آپریشن سینٹر کے کردار ادا کرنے پر تعریف کی گئی ہے۔ایک انٹرویومیں میجرجنرل بابر افتخار نے آگاہی مہم میں میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے اربوں روپے

کی آگاہی مہم مفت چلائی، اس دوران انہوں نے خاص طور پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔میجرجنرل بابر افتخار نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے این سی او سی کا کردار انفارمیشن آرم کی حیثیت سے ہم نے دیکھا۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں پہلے دن سے پاک فوج ہر حکومتی کوشش کا حصہ ہے، این سی او سی میں فوجی اور سویلین مربوط نمائندگی ہے، یہ تجربہ بہت اچھا رہا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ اسمارٹ لاک ڈاون یقینی بنانے کیلئے فوجی دستے تعینات کیے گئے، وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی اورفیصلوں میں فوج کے آئی ٹی سسٹمز کا فائدہ اٹھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پہلی لہر میں جو خامیاں سامنے آئیں، انہیں ہنگامی بنیادوں میں دور کرنے کے اقدامات کیے، اسی وجہ سے دوسری لہرمیں ہماری تیاری پہلی لہر کے مقابلے میں خاصی بہتر ہے، ہم کورونا کی دوسری لہر کا بہتر طور پر مقابلہ کر رہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار نے کہا کہ دوسری لہرمیں ہم سب کو زیادہ احتیاط اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں