مانسہرہ (آئی این پی)مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے یہ ملک نہیں چل سکتا ،جب تک یہ جعلی حکومت ہے آپ کا ووٹ چوری ہوتا رہے گاِِِ،نوز شریف کے نعرے ووٹ کو عزت دو کا یہ اثر ہوا ہے کہ آج دھاندلی کے باوجود گلگت بلتستان میں اس جعلی کو
نہیں جتایا جا سکا، اب یہ دھاندلی کر کے بھی نہیں جیت سکتا، تمام تر دھاندلی کے باوجود اسے صرف 8سیٹیں ملیں اور وہ سیٹیں بھی ان کی نہیں بلکہ مسلم لیگ(ن)کے توڑے ہوئے امیدواروں کی مرہون منت ہیں، نواز شریف کے بیانیے نے تمہاری سیاست کو دفن کردیا اور تمہیں کہیں کا نہیں چھوڑا ،نواز شریف کا بیانیہ ہی تھا کہ فکس میچ کے باوجود تمہیں مینڈیٹ نہیں ملا بلکہ صرف بیساکھیاں ملی ہیں، جو انسان ایک یونین کونسل بھی چلانے کے قابل نہیں تھا اس کو 22کروڑ عوام کے ملک کی ذمے داری دے دی۔بدھ کومانسہرہ میں مسلم لیگ(ن)کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ابتدا میں پنجابی زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں میزبان بھی میں ہوں اور مہمان بھی میں ہی ہوں، مجھے آج یہ پتہ چل گیا کہ ہزارہ نواز شریف کا تھا، نواز شریف کا ہے اور نواز شریف کا ہی رہے گا۔انہوں نے نوجوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان میں جس بھی صوبے یا جگہ جاتی ہوں تو مجھے جلسے میں سب سے زیادہ بڑی تعداد میں نوجوان شیر نظر آتے ہیں جبکہ ہمارے بزرگوں کا جذبہ بھی دیکھنے کے قابل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا ہزارہ کے ساتھ رشتہ بہت پرانا ہے اور ہزارہ اور مانسہرہ اس بات کی گواہی دے گا کہ ناصرف آپ نے یہ رشتہ نبھایا بلکہ نواز شریف نے بھی اس رشتے کو ہمیشہ نبھایا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آپ سے وفا نبھائی اور آج پاکستان اور ہزارہ کے عوام سے نواز شریف نے جو وعدے نبھائے، آج اسی کی سزا ناصرف پاکستان بلکہ مسلم لیگ(ن) اور آپ کا محبوب لیڈر نواز شریف بھگت رہا ہے۔نواز شریف نے آپ سے کیے گئے وعدے نبھائے اور جس نے پورے پاکستان میں ایک اینٹ نہیں لگائی، جو آپ کے ووٹ چوری کر کے لے گیا، آج وہ نواز شریف کی ہزارہ موٹروے پر بڑی چالاکی سے اپنی تختی لگا کر چلا گیا، تختی لگانے والا سمجھتا ہے کہ عوام نہیں جانتے کہ یہ موٹروے کس نے بنائی ہے۔مریم نواز نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی بتا دو کہ نواز شریف کا پاکستان اچھا تھا یا اس ووٹ چور کا پاکستان اچھا ہے، کیا ڈھائی سال قبل جس نئے پاکستان کا آپ سے وعدہ کیا گیا تھا، کیا وہ آپ کو ملا، کیا ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک بھی نوکری کسی کو ملی، کیا 50لاکھ گھروں میں سے ایک کمرہ بھی کسی کو ملا، کیا 47روپے پیٹرول کسی کو ملا؟۔انہوں نے کہا کہ یہ بات جان لو کہ جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر سوار ہے یہ ملک نہیں چل سکتا، جب تک یہ جعلی حکومت ہے مہنگائی کم نہیں ہو سکتی، جب تک یہ جعلی حکومت ہے، غریب کا چولہا نہیں جل سکتا، جب تک یہ جعلی حکومت ہے غریب کا گھر نہیں چل سکتا، ہمارے غریب مریضوں کو سستی دوائی نہیں مل سکتی، جب تک یہ جعلی حکومت ہمارے سروں پر ہے آٹا چوری نہیں رکے گی، چینی چوری نہیں رکے گی اور جب تک یہ جعلی حکومت ہے آپ کا ووٹ چوری ہوتا رہے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں