بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تیاریاں شروع کردی گئیں، کورونا کے باعث تقریب بہت محدود اور منفرد ہو گی

کراچی(این این آئی)سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔آصف علی زرداری نے اپنی بیٹی کی منگنی طے ہوجانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ بختاور کی منگنی کی تقریب رواں ماہ 27 نومبر کو بلاول ہائوس

میں منعقد کی جائے گی۔سابق صدر نے بیٹی کے رشتہ طے ہوجانے پر شکرانے ادا کرتے ہوئے مختصر پیغام میں بتایا کہ ان کی صاحبزادی کی منگنی محمود چوہدری سے طے ہوئی ہے۔بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تصدیق ہوجانے کے بعد بلاول ہائوس کے ذرائع نے بتایاکہ کئی دہائیوں بعد بھٹو زرداری خاندان میں اہم تقریب ہونے جا رہی ہے، اس لیے تمام انتظامات پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔بلال ہائوس ترجمان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہن کی منگنی امریکہ میں مقیم معروف صنعتکارمحمد یونس چوہدری کے صاحبزادے محمود چوہدری سے ہوگی۔دوسری جانب بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب منعقد کیے جانے کا دعوت نامہ بھی سامنا آگیاہے، جس میں تقریب کی تاریخ 27 نومبر بروز جمعہ شام 4 بجے درج ہے۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں کون کون سی شخصیات شامل ہوں گی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں خاندانوں کے افراد سمیت اہم سیاسی و کاروباری شخصیات بھی تقریب میں شامل ہوں گی۔کورونا کی وبا کے باعث خیال کیا جا رہا ہے کہ تقریب میں محدود مہمانوں کو بلایا جائے گا اور سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھا جائے گا۔بلاول ہائوس ذرائع کے مطابق تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کو پہلے اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا پڑے گا اور ان ہی افراد کو تقریب میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی جن کا ٹیسٹ منفی آیا ہوگا۔ذرائع کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بختاور بھٹو زرداری کے والد آصف علی زرداری بھی تقریب میں شامل ہوسکیں گے یا نہیں، کیوں کہ وہ اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی بڑی صاحبزادی کی زندگی کی اہم تقریب میں شرکت کریں گے۔خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی ہیں، تاہم وہ بلاول بھٹو زرداری سے کم عمر ہیں۔سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے ہاں پہلے بچے بلاول بھٹو زرداری کی پیدائش 1988 میں ہوئی تھی، جب کہ بختاور بھٹو زرداری کی پیدائش جنوری 1990 میں ہوئی تھی۔بختاور بھٹو زرداری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ وزارت عظمی کے عہدے پر فائز خاتون کے ہاں پیدا ہوئی تھیں، ان کی پیدائش پر اس وقت بینظیر بھٹو نے وزارت عظمی سے چھٹیاں لی تھیں۔آصف علی زرداری اور بینظیر بھٹو کے ہاں تیسرے بچے آصفہ بھٹو زرداری کی پیدائش فروری 1993 میں ہوئی تھی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں