پاکستان کی مہنگی ترین شادی پر کروڑوں اڑائے گئے، ایف بی آر نے تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کی مہنگی ترین شادی پر کروڑوں اڑائے گئے، ایف بی آر نے تفصیلات جاری کر دیں،ایف بی آر نے ملک میں ہونے والی مہنگی ترین شادی کی تحقیقات کرتے ہوئے تقریب پر 2 ارب روپے خرچ کی تفصیلات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔ ماسٹر ٹائلز کے مالک کی بیٹی کی شادی جلال

سنز کے جشم و چراغ کے ساتھ ہوئی جس میں ڈیکوریشن اور آتش بازی کے علاوہ دیگر تقریبات پر پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا ،چیف کمشنرریجنل ٹیکس آفس امینہ حسن کی جانب سے ممبرآپریشن ایف بی آر کو ارسال کی جانے والی رپورٹ میں انکشاف کیاگیاہے کہ شادی کی مذکورہ تقریب میں راحت فتح علی خان کو 55 لاکھ روپے جبکہ عاطف اسلم کو 50 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں، ان کے علاوہ مہندی میں ابرارالحق نے بھی پرفارمنس دی لیکن ان کو ادا کی جانے والی رقم کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں ۔رپورٹ میں میڈیا اطلاعات کے حوالے سے بتایاگیاہے کہ مولانا طارق جمیل کو نکاح پڑھانے کے عوض 10 لاکھ روپے دیئے گئے ہیں۔ انکوائری رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ روزا بلانکا کو 120 دنوں کیلئے 15 کروڑ روپے میں بک کیا گیا ، جبکہ دو ایونٹ منیجرز کو تقریبا 4 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔مہنگی ترین شادی کی اس تقریب میں پھولوں کی آرائش کے لئے سندس مصطفی کو 1 کروڑ روپے ادا ہوئے جبکہ ولیمہ کی سجاوٹ کے لئے متعلقہ ڈیکوریٹر کو ایک کروڑ روپے کی ادائیگی ہوئی ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ ولیمہ کی سجاوٹ کے لئے بھی احسن حبیب کو ایک کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی۔ شادی کی تقریب میں دیگر پیشہ ورانہ خدمات کے عوض عرفان احسن کو 30 لاکھ روپے، موبی اسٹوڈیو کو 20 لاکھ روپے، اسامہ پرویز کو ساڑھے3 لاکھ روپے ادا کیے گئے جبکہ ولیمے اور بارات میں مہمانوں کو دیئے جانے والے کھانے پر بھی کروڑوں روپے خرچ کیے گئے۔ان تمام اخراجات پر ٹیکس کی ادائیگی ہوئی یا نہیں ایف بی آر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ شادی کا انتظام کرنے والے تمام افراد کی ٹیکس ادائیگیوں کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں