اسلام آباد میں بیٹھا کٹھ پتلی سوچ رہا ہے کہ کارڈ سے بے نظیر کی تصویر ہٹائی جائے، عوام کے دلوں سے کیسے نکالو گے؟ بلاول بھٹو کے گلگت بلتستان میں پے در پے وار

غذر (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری نے کہاہے کہ جس ادارے کیساتھ پاکستان کا نام ہو حکومت نے اسے تباہ کردیا،اسلام آباد میں بیٹھا کٹھ پتلی سوچ رہا ہے کہ کارڈ سے بے نظیر کی تصویر ہٹائی جائے، عوام کے دلوں سے کیسے نکالوگے ،ہم گلگت بلتستان کو حق ملکیت دلوائیں گے، کراچی

اور سندھ میں مفت علاج کرسکتے ہیں تو یہاں بھی کرسکتے ہیں،جن کی وجہ سے سی پیک بنا، انہیں اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ وہ انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جی بی کے عوام کو ایف سی آر سے آزاد کیا اور اس کے بعد جی بی کے عوام کو غربت اور بھوک سے آزاد کرنے کے لئے غذائی اشیائ، پٹرول اور کپڑوں پر سبسیڈی دے کر روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے پر عمل کیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہر پاکستانی شہری کو پاسپورٹ حاصل کرنے کا حق دیا اور بیرون ممالک ملازمت کے مواقع مہیا کئے۔ اسی طرح شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جی بی کو جمہوریت دی، نوکریاں دیں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام متعارف کروایا۔ صدر زرداری نے جی بی کو اسمبلی دی، گورنر اور وزیراعلیٰ دیا اور بی آئی ایس پی کے ذریعے غریب خواتین کے لئے ریلیف فراہم کیا۔ یہ سلیکٹڈ سمجھتا ہے کہ بی آئی ایس پی سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر ہٹانے سے لوگ انہیں بھول جائیں گے جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا نام عوام کے دلوں پر نقش ہے۔ انہوںنے کہا کہ جی بی میں پارٹی کی گزشتہ حکومت نے نوجوانوں کو 25ہزار نوکریاں فراہم کی تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جی بی کے عوام کی خوشحالی کے لئے شاہراہ قراقرم کی بنیاد رکھی۔ صدر زرداری نے سی پیک کی بنیاد رکھی لیکن آج ہر کوئی سی پیک کا کریڈٹ لینا چاہتا ہے۔ صدر زداری نے سی پیک کا آئیڈیا اس لئے دیا تھا تاکہ جی بی، فاٹا اور بلوچستان کے پسماندہ علاقے ترقی کریں اور سی پیک کے منصوبے کا پھل پاکستان کے غریب عوام کو ملے۔ اب 15نومبر وہ دن ہے جب جی بی کے عوام اپنا حق حاکمیت اور حق ملکیت وزیراعظم منتخب کرنے کا حق اور صوبہ حاصل کرنے کا حق لینے کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج کوئی شخص جی بی کے لوگوں کو بیوقوف بنانے آیا تھا لیکن جی بی کے عوام اس شخص کو بہت اچھی طرح سے جانتے ہیں یہ وہ شخص ہے جس نے مخالفین کو منافق کہا جبکہ منافقت کی ساری نشانیاں عمران خان کے اندر موجود ہیں۔ منافق کی چار نشانیاں ہیں، سب سے پہلی کہ وہ اپنا وعدہ پورا نہیں کرتا، دوسری یہ کہ وہ مستقل جھوٹ بولتا ہے، تیسری یہ کہ گندی زبان استعمال کرتا ہے اور چوتھی یہ کہ معاہدوں کی خلاف ورزری کرتا ہے۔ ایسا شخص ہی سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی وزیراعظم عمران خان ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں