لاس اینجلس (پی این آئی)امریکا میں 8 جولائی کو جھیل میں ڈوب جانے والی 33 سالہ اداکارہ نایا ریویرا کی لاش تلاش کر لی گئی۔ امریکا میں 8 جولائی کو نہانے کے دوران ڈوب جانے والی 33 سالہ اداکارہ نایا ریویرا کی لاش کو تلاش کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب پیرو
جھیل میں 8 جولائی کو نہانے کے دور ڈوب جانے والی 33 سالہ اداکارہ نایا ریویرا کی لاش کو تلاش کرلیا گیا۔ وہ 8 جولائی کی دوپہر کو اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دوری پر واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں۔اداکارہ نے جھیل کی سیر کے لیے کرائے پر کشتی حاصل کی تھی اور جھیل میں جانے کے بعد وہ نہانے کے لیے جھیل میں اتریں اور پھر واپس نہیں آئیں۔اداکارہ کی کشتی کے قریب سے ایک اور کشتی گزری تھی، جس پر سوار افراد نے اداکارہ کی کشتی پر بچے کو لاوارث حالت میں دیکھتے ہوئے ریسکیو حکام کو مطلع کیا تھا۔کشتی پر موجود لاوارث بچہ اداکارہ نایا ریویرا کا 4 سالہ بیٹا تھا، جنہوں نے حکام کو بتایا کہ ان کی والدہ نہانے کے لیے جھیل میں اتری تھیں مگر وہ واپس نہیں آئیں۔بچے کی فراہم کردہ معلومات کے بعد حکام نے 8 جولائی کو ہی فوری طور پر ڈوب جانے والی اداکارہ کی تلاش شروع کردی تھی مگر ریسکیو حکام ایک ہفتے تک ان کی لاش کو ڈھونڈنے میں ناکام رہے تھے۔حکام نے اداکارہ کے ڈوب جانے کے 24 گھنٹے بعد ہی اس بات کا خدشہ ظاہر کیا تھا کہ وہ ہلاک ہوچکی ہوں گی اور چوتھے دن ہی امکان ظاہر کیا تھا کہ شاید اداکارہ کی لاش نہ ملے لیکن اس باوجود حکام نے بڑے پیمانے پر اداکارہ کی لاش کو تلاش کرنے کی مہم جاری رکھی اور ہیلی کاپٹرز سمیت جدید آبدوزوں کی مدد بھی حاصل کی گئی۔6 دن کی کوششوں کے بعد 13 جولائی کی شب کو حکام نے پیرو جھیل کے اسی مقام سے ایک لاش برآمد کرلی تھی، جہاں اداکارہ نہانے کے لیے اتری تھیں۔ تاہم اس وقت حکام نے فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی تھی کہ ملنے والی لاش اداکارہ کی ہی ہے۔ تاہم اب حکام نے تصدیق کردی کہ جھیل سے ملنے والی لاش نایا ریویرا کی ہی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقامی حکام نے تصدیق کی کہ گزشتہ شب ملنے والی لاش اداکارہ نایا ریویرا کی ہی ہے اور لاش ملنے سے متعلق اداکارہ کے اہل خانہ کو آگاہ کردیا گیا۔حکام کے مطابق اداکارہ کی لاش سے نمونے لے کر میڈیکل چیک اپ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں اور اب تک کی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ اداکارہ کو کسی نے قتل نہیں کیا اور نہ ہی وہ خودکشی کا واقعہ ہے۔حکام نے تصدیق کی کہ اداکارہ نہانے کی غرض سے جھیل میں اتری تھیں اور انہوں نے زندگی بچانے والی جیکٹ بھی نہیں پہنی تھی اور حالات سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی موت حادثاتی طور پر ہوئی۔حکام کے مطابق تاہم اداکارہ کی موت کے حوالے سے تفتیش جاری رہے گی اور کسی بھی نئی معلومات سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔خیال رہے کہ نایا ریویرا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے فلموں میں اداکاری کی شروعات 2011 میں کی تھی۔ انہیں سب سے زیادہ شہرت فاکس ٹی وی کے میوزیکل ڈراما گلی سے ملی تھی اور مذکورہ ڈرامے کی کامیابی کے بعد ہی انہیں متعدد ڈراموں میں کام کی پیش کش ہوئی۔اداکارہ نے مجموعی طور پر 3 درجن کے قریب فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تھا اور انہوں نے 2014 میں اداکار ریان ڈورسی سے شادی کی تھی لیکن بعد ازاں اختلافات کے باعث دونوں نے 2015 میں علیحدگی اختیار کرلی اور دونوں کے درمیان 2018 میں طلاق ہوگئی تھی۔ نایا ریویرا کو ریان ڈورسی سے 4 سالہ بیٹا بھی ہے اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں