پاکستان جلد ہی کورونا پر قابو پا لے گا،چینی سفیر نے امید دلا دی

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان جلد ہی کورونا پر قابو پا لے گا،چینی سفیر نے امید دلا دی ،پاکستان میں چینی سفیریاؤ جنگ نے ایک بار پھر امید ظاہر کی ہے کہ کورونا وبا عارضی چیلنج ہے جس پر پاکستان جلد قابو پالے گا۔چین کے سرکاری ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے چینی سفیریاؤ جنگ نے کہا کہ پاکستان میں

کورونا وائرس سے شرح اموات کم ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہاں کورونا وائرس کے متاثرہ زیادہ تر مریض جوان افراد ہیں، ان جوان افراد میں بھی وائرس کی ہلکی علامات ہیں لہذا علاج آسان ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی چینی طب کی طرح پاکستان میں بھی جڑی بوٹیوں سے کورونا کی روک تھام میں مدد ملے گی، کورونا وبا عارضی چیلنج ہے جس پر پاکستان جلد قابو پالے گا۔ چینی سفیر نے کہا کہ جب چین کو کورونا کے سخت چیلنج کا سامنا تھا، تو پاکستان نے چین کی مدد کے لیے سب سے بہتر کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فروری میں پاکستان میں پہلی مرتبہ تصدیق شدہ کیس کی اطلاع ملی تو چینی حکومت، مقامی حکومتوں اور کاروباری اداروں اور سول سوسائٹیز نے بھی پاکستان کو مدد فراہم کرنا شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان کی مدد کے لیے طبی سامان اور کئی طبی ٹیمیں پاکستان بھیج چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں