صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےپوری دنیا کو اہم ترین پیغام دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے، پاکستان نے بھارتی جنگی طیارہ مار گرانے کے باوجود بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا تھا، جنگوں کی تاریخ سے ہمیں تباہی، لوٹ مار اور دوسرے کے استحصال کے سوا کچھ نہیں ملتا، بھارت میں ہزاروں سکھ مارے گئے، وہاں پر

اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔عالمی سٹریٹجک خطرات اور رد عمل پر بین الاقوامی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی منظر نامے میں مسلسل تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، بدلتی دنیا میں یہ ضروری تھا کہ بنی نوع انسان تاریخ سے سیکھ کر آگے بڑھے مگر گزشتہ دو تین صدیوں میں ہم نے جو تجربات اور مشاہدے کیے ان کے مطابق انسان نے تاریخ سے سبق حاصل نہیں کیا، اگر دنیا نے کچھ سیکھا ہے تو وہ یہ ہے کہ ہتھیار کیسے حاصل کیے جائیں اور جنگیں کیسے لڑی جائیں؟یہ بات قابل افسوس ہے کہ انسانیت نے برے تجربات سے سبق حاصل نہیں کیا۔انھوں نے کہا کہ ماضی میں خطوں کا استحصال اور وسائل کی لوٹ مار ہوتی رہی، جنگوں کی تاریخ سے ہمیں تباہی، لوٹ مار اور دوسرے کے استحصال کے سوا کچھ نہیں ملتا، جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں اور نہ ہی ان سے قوموں کی تعمیر نو ممکن ہوتی ہے،یہ بھی حقیقت ہے کہ موجودہ دور میں غربت کی شرح میں کمی آئی لیکن انسانوں کے درمیان امتیاز بڑھ گیا ہے،دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان اقتصادی طور پر اپنے آپ کو مضبوط کرنے پر توجہ دے رہا ہے تاہم سرحدوں اور سرحدوں کے پار خطرات موجودہوتے ہیں، ان خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے حکمت عملی وضع کرنا ضروری ہے، اگر کسی کی ہمسائیگی میں آگ لگ جائے تو اسے بھجانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔صدر مملکت نے کہا کہ کرہ ارض کے وسائل محدود ہیں،ان وسائل کی لوٹ مار کے بجائے انہیں محفوظ کرنے اور ان وسائل کو انسانیت کی یکساں فلاح و بہبود پر مرکوز کرنے پرتوجہ ہونی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی میں جدت آ رہی ہے، 1950ء کی دہائی میں جوہری ہتھیاروں کے حصول کا سلسلہ شروع ہوا جو پریسجن گائیڈڈ میزائلوں سے ہائی پرسونک میزائلوں تک دراز ہو گیا ہے، اس صورتحال کے تناظر میں معمولی غلطی بھی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کیوبا بحران کی مثال ہمارے سامنے ہے جب ایک معمولی غلطی سے دنیا ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچ سکتی تھی، ایٹمی ہتھیاروں کی موجودگی میں کوئی بھی انسانی یا تکنیکی غلطی بڑی تباہی کا موجب بن سکتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے کیونکہ ہم امن کی قدر و قیمت جانتے ہیں، پاکستان نے گزشتہ سال بھارتی جنگی طیارہ مار گرانے کے باوجود پائلٹ کو رہا کردیا تھا کیونکہ ہم امن چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جب اقتدار سنبھالا تو انہوں نے بھارت کو امن کی پیشکش کرتے ہوئے واضح طورپر کہا تھا کہ بھارت اگر ایک قدم آگے بڑھائے گا تو پاکستان 5 قدم آگے بڑھے گا،عالمی نظام میں تبدیلی آ رہی ہے اب افراد کی بجائے اقوام کو جنگوں کا اختیار دینے کی باتیں ہو رہی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا اور دیگرجدید ٹیکنالوجی کے مظاہر سے ذہن انسانی کو تبدیل کرنے کی حکمت عملی دیکھنے میں آ رہی ہے، فلاسفرز مسلسل ہمیں آگاہ کر رہے ہیں کہ کرہ ارض کو سنگین خطرات لاحق ہیں،یہ بدقسمتی ہے کہ وابستہ مفادات کو انصاف اور اخلاقیات پر ترجیح دی جاتی ہے، مسئلہ کشمیر اور اقوام متحدہ کا ادارہ تقریباً ہم عصر ہیں لیکن یہ مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا جس کی وجہ یہی ہے کہ وابستہ مفادات کی وجہ سے یہ مسئلہ ابھی تک زیر التواء چلا آ رہا ہے،بھارت میں ہزاروں سکھ مارے گئے، وہاں پر اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، ایک وقت تھا جب اقلیتوں پر مظالم کی وجہ سے نریندر مودی کو10 سال تک ویزہ نہیں دیا جا رہا تھا لیکن اب انہیں قبول کیا جا رہا ہے۔صدر مملکت نے سوال کیا کہ کیا مودی تبدیل ہو گیا ہے، انہوں نے دنیا کے امن کو درپیش چیلنجوں اور خطرات کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے کانفرنس کے شرکاء کاخیرمقدم کیا اور اس امید کااظہار کیاکہ دو روزہ کانفرنس کے شرکاء عالمی سٹریٹیجک خطرات اور رد عمل کے حوالے سے مفید گفتگو کریں گے اور جامع سفارشات مرتب کریں گے۔

پاکستان نیوز انٹرنیشنل (پی این آئی) قابل اعتبار خبروں کا بین الاقوامی ادارہ ہے جو 23 مارچ 2018 کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قائم کیا گیا، تھوڑے عرصے میں پی این آئی نے دنیا بھر میں اردو پڑہنے، لکھنے اور بولنے والے قارئین میں اپنی جگہ بنا لی، پی این آئی کا انتظام اردو صحافت کے سینئر صحافیوں کے ہاتھ میں ہے، ان کے ساتھ ایک پروفیشنل اور محنتی ٹیم ہے جو 24 گھنٹے آپ کو باخبر رکھنے کے لیے متحرک رہتی ہے، پی این آئی کا موٹو درست اور بروقت اور جامع خبر ہے، پی این آئی کے قارئین کے لیے خبریں، تصاویر اور ویڈیوز انتہائی احتیاط کے ساتھ منتخب کی جاتی ہیں، خبروں کے متن میں ایسے الفاظ کے استعمال سے اجتناب برتا جاتا ہے جو نا مناسب ہوں اور جو آپ کی طبیعت پر گراں گذریں، پی این آئی کا مقصد آپ تک ہر واقعہ کی خبر پہنچانا، اس کے پیش منظر اور پس منظر سے بر وقت آگاہ کرنا اور پھر اس کے فالو اپ پر نظر رکھنا ہے تا کہ آپ کو حالات حاضرہ سے صرف آگاہی نہیں بلکہ مکمل آگاہی حاصل ہو، آپ بھی پی این آئی کا دست و بازو بنیں، اس کا پیج لائیک کریں، اس کی خبریں، تصویریں اپنے دوستوں اور رابطہ کاروں میں شیئر کریں، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو، ایڈیٹر

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں