تباہی یا معاہدہ ! ٹرمپ کا ایران کے بارے میں جلد بڑے فیصلے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے بارے میں جلد فیصلہ کرنے والے ہیں، جبکہ اس وقت میز پر موجود آپشنز میں ایران کا مکمل خاتمہ بھی شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک اہم انٹرویو میں ایران کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے بارے میں جلد فیصلہ کرنے والے ہیں اور اس وقت فیصلہ سازی کے مرحلے میں ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں بہت بڑے واقعات رونما ہوں گے، جبکہ اس وقت میز پر موجود آپشنز میں ایران کا مکمل خاتمہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میز پر ایران کو معاشی طور پر تباہی کی طرف دھکیلنے کا آپشن بھی موجود ہے، جبکہ آپشنز میں ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ کرنا بھی شامل ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سوال یہ نہیں کہ آپشنز کیا ہیں، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ ان پر کب عمل درآمد کیا جائے اور آیا ایران کو مکمل طور پر تباہ کیا جائے یا نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت بہت بڑے واقعات رونما ہونے والے ہیں اور بہتر یہی ہوگا کہ ایران بروقت اپنا رویہ درست کرلے۔