ڈونلڈ ٹرمپ کا گرین لینڈ اور ڈنمارک کے ساتھ معاہدے اعلان، سیکیورٹی پر مستقل کنٹرول کا دعوی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ایک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کو گرین لینڈ کی سیکیورٹی اور دیگر ضروریات سے متعلق مستقل کنٹرول حاصل ہوگا۔

ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے کے تحت امریکا کو گرین لینڈ اور اپنی سیکیورٹی کے تحفظ اور دفاع کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی، جبکہ اس معاہدے پر امریکا کو کوئی خرچ نہیں اٹھانا پڑے گا۔

ٹرمپ کے مطابق کسی بھی مخالف ملک کو امریکا کی واضح تحریری منظوری کے بغیر گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم کرنے، فوجی موجودگی رکھنے یا حساس نوعیت کی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کرے گا اور اس حوالے سے گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ کی اسٹریٹجک اہمیت سے سابق امریکی صدور بھی آگاہ تھے، تاہم کسی نے اس معاملے کو مستقل طور پر حل نہیں کیا۔

تاہم ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتوں کی جانب سے معاہدے کی تفصیلات کی فوری طور پر عوامی سطح پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔