امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا مواخذہ کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش

امریکی ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی نے ایران جنگ کے معاملے پر امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد ایوانِ نمائندگان میں پیش کردی۔

تھامس میسی نے الزام عائد کیا کہ پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کے خلاف غیرقانونی جنگ شروع کی اور دیگر سنگین خلاف ورزیوں اور نامناسب رویے میں بھی ملوث رہے، جس پر ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی ضروری ہے۔

میسی نے جیفری ایپسٹین سے متعلق مزید دستاویزات جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ ایپسٹین کے متاثرین کو انصاف ملنا چاہیے۔

دوسری جانب اسپیکر مائیک جانسن نے ایوانِ نمائندگان کی کارروائی جلد ختم کردی، جس کے باعث میسی کی قرارداد پر ووٹنگ نہ ہوسکی۔ میسی نے اسپیکر کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اہم قانون سازی اور دیگر معاملات پر کام ابھی مکمل نہیں ہوا تھا۔

تقریباً ایک گھنٹے کی تقریر میں تھامس میسی نے کہا کہ ایران جنگ کو روکنے اور اہم قومی معاملات پر بحث جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک جنگ کی صورتحال سے دوچار ہے تو ایوان کی کارروائی کیوں ختم کی جارہی ہے۔