ڈبلن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی، جس کے بعد تیل کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔ آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری آمدورفت کی بحالی اور خطے میں پیدا ہونے والے تمام تر خدشات جلد حل ہوجائیں گے۔ سعودی ولی عہد میرے اچھے دوست ہیں، سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئرلینڈ کا دورہ کیا اور آئرلینڈ کے صدر سے ملاقات میں تجارت پر گفتگو کی۔ میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور آئرلینڈ مل کر بہت بہترین کام کرتے ہیں، ایران جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی اور جنگ ختم ہونے کے بعد تیل کی قیمتیں گر جائیں گی۔
دوران گفتگو ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا سعودی عرب سے متعلق تازہ خدشات کے تناظر میں آبنائے ہرمز سے آمدورفت بحال کرانے میں مدد کرسکتے ہیں؟ اس کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ سعودی ولی عہد میرے اچھے دوست ہیں، سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب کی پائپ لائن پر حملے کا ذمہ دار غالباً ایران ہے، جبکہ حوثی امریکا کے ساتھ لڑائی نہیں چاہتے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری آمدورفت کی بحالی اور خطے میں پیدا ہونے والے تمام تر خدشات جلد حل ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی اہم تیل پائپ لائن پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی اور نئے سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ حوثی باغیوں نے گائیڈڈ ہتھیاروں کی تیاری کے لیے کلاڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔
امریکی صدر کا یہ تازہ بیان آئرش صدر کیتھرین کونولی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے حوالے سے پراعتماد نظر آئے۔






