برطانیہ کااسرائیلی بستیوں سے درآمد ہونیوالی اشیاء پر پابندی لگانےکا اعلان

برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی بستیوں سے درآمد ہونے والی اشیاء پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمے کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کاموں میں اسرائیلی قابضین کی مدد کرنے والی کمپنیوں پر بھی پابندیاں لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کی بستیاں غیرقانونی ہیں۔

ڈیوڈ لیمے کے مطابق بعض آبادکار فلسطینیوں کی نسلی صفائی میں ملوث ہیں جس سے اسرائیلی حکومت چشم پوشی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بستیوں کی توسیع اور فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں شامل افراد اور اداروں پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین دونوں کے محفوظ اور پائیدار مستقبل کے لیے دو ریاستی حل ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔