امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک ایران کو امریکی پابندیوں سے بچنے میں مدد فراہم کریں گے، انہیں بھی امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو نے بھارت اور ایران کے درمیان ممکنہ تجارتی معاہدے کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی تجارتی معاہدہ طے پایا ہے۔
روبیو نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک اپنی آزاد خارجہ پالیسیاں رکھتے ہیں اور کئی ممالک ایران سے رابطے میں ہیں، تاہم کسی بھی ملک کو ایران کے لیے ایسا نظام یا ذریعہ فراہم نہیں کرنا چاہیے جس کے ذریعے تہران امریکی پابندیوں سے بچ سکے یا آمدنی حاصل کرسکے۔
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف واضح ہے کہ ایران کو پابندیوں سے بچنے میں مدد دینے والے ممالک کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
روبیو نے مزید کہا کہ امریکا کو خدشہ ہے کہ ایران پابندیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کو دہشت گردی کی حمایت اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے استعمال کرسکتا ہے، اسی لیے ایسے ممالک کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔






