امریکا کی جانب سے ایران میں ایک بار پھر حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، قشم جزیرے اور آبنائے ہرمز کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق سیرک کے قریب ایک شادی کی تقریب کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں متعدد افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ تاہم مختلف رپورٹس میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد مختلف بتائی گئی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قشم جزیرے کے ماسان گاؤں کے قریب پانچ سے زائد دھماکے ہوئے، جبکہ آبنائے ہرمز کے قریب مزید چار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس کے مشرقی علاقوں میں بھی دھماکوں کی اطلاعات ہیں، جبکہ جنوب مشرقی ایران میں جیرفت ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
امریکی فوج کے مطابق ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔






