لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بوئنگ 737 کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔
طیارہ رات 11 بجے فینکس سے لاس اینجلس پہنچا تھا۔ رن وے پر اترتے وقت اس کے لینڈنگ گیئر میں خرابی پیدا ہو گئی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول سے گفتگو میں پائلٹ نے بتایا کہ ممکنہ طور پر طیارے کا ٹائر پھٹ گیا ہے اور بریکس جام محسوس ہو رہے ہیں۔
شدید رگڑ کے باعث طیارے کے 4 پچھلے ٹائر پھٹ گئے اور فوری طور پر آگ بھڑک اٹھی۔ طیارے سے شعلے اور چنگاریاں نکلتی رہیں۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے بائیں لینڈنگ گیئر کے نیچے سے شدید چنگاریاں اور آگ کے شعلے نکل رہے تھے۔ طیارہ رن وے پر گھسٹتا رہا جبکہ اس کے پیچھے آگ کے شعلے موجود تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور جلتے ہوئے ٹائروں پر فوم چھڑک کر آگ پر قابو پا لیا۔ حکام نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور رن وے کے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے رن وے کو بند کر دیا۔
حادثے کے باوجود طیارے کے عملے میں سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن FAA نے واقعے کی وجوہات اور طیارے کے بریک سسٹم میں خرابی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔






