ملازمین کو تنخواہ دینے کے بعد حکومت کو ثبوت فراہم کرنا لازمی قرار

متحدہ عرب امارات نے پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے نیا اور مؤثر ویج پروٹیکشن نظام نافذ کر دیا ہے۔

خلیجی میڈیا کے مطابق 2026 کی وزارتی قرارداد نمبر 340 کے تحت وزارتِ انسانی وسائل و امارات (MoHRE) کے ساتھ رجسٹرڈ تمام نجی اداروں کو منظور شدہ ویج پروٹیکشن سسٹم یا وزارت کے منظور کردہ ادائیگی کے نظام کے ذریعے تنخواہیں مقررہ تاریخ پر ادا کرنا ہوں گی۔

نئے نظام کے مطابق ہر کیلنڈر مہینے کا پہلا دن گزشتہ مہینے کی تنخواہ کی ادائیگی کی آخری تاریخ تصور کیا جائے گا، اور اس کے بعد ادائیگی کو قانونی طور پر تاخیر شمار کیا جائے گا۔

آجروں کو تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق ریکارڈ اور دستاویزات وزارت کو فراہم کرنا بھی لازمی ہوگا تاکہ ادائیگیوں کی تصدیق کی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق کچھ ملازمین اس نظام سے مستثنیٰ ہوں گے، جن میں وہ کارکن شامل ہیں جن کے اجرت سے متعلق کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں یا جن کے لیے قانونی طور پر ایگزیکٹو آرڈر جاری ہو چکا ہو۔

اسی طرح بلا معاوضہ چھٹی پر موجود ملازمین بھی اس مدت کے دوران ویج پروٹیکشن سسٹم سے باہر ہوں گے۔

مزید یہ کہ وہ غیر ملکی کارکن جو متحدہ عرب امارات کے باہر سے تنخواہ وصول کرتے ہیں یا غیر ملکی کمپنیوں کی شاخوں میں کام کرتے ہیں، وہ بھی مخصوص شرائط اور اجازت کے تحت اس نظام سے مستثنیٰ ہو سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close