امریکی قومی انٹیلی جنس ڈائریکٹر تلسی گیبارڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 30 جون 2026 کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تلسی گیبارڈ فروری 2025 میں ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس مقرر ہوئی تھیں اور وہ امریکا کی 18 انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نگرانی کی ذمہ دار تھیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قریبی ساتھی سمجھی جانے والی تلسی گیبارڈ کے دور میں خارجہ پالیسی، خصوصاً ایران جنگ کے حوالے سے کئی متنازع مباحث بھی سامنے آئے۔
اگرچہ تلسی گیبارڈ نے اپنے استعفے کی بنیادی وجہ اپنے شوہر کی بیماری کو قرار دیا ہے، تاہم امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی مدتِ ملازمت کے دوران کئی داخلی اختلافات بھی سامنے آئے۔
بعض رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کی ایران سے متعلق عسکری پالیسیوں اور بعض انٹیلی جنس معاملات پر مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں تھیں، جس کے باعث ان کی پوزیشن کمزور ہوئی۔
کچھ رپورٹس کے مطابق وہ بعض مواقع پر انتظامیہ کے جنگی مؤقف سے مختلف رائے رکھتی تھیں۔ یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ان پر استعفیٰ دینے کے لیے دباؤ موجود تھا، تاہم اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
اپنے استعفے میں انہوں نے کہا کہ وہ 30 جون 2026 کو اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گی کیونکہ اب وہ اپنے شوہر کے ساتھ وقت گزارنا اور ان کی دیکھ بھال کرنا چاہتی ہیں۔
تلسی گیبارڈ نے بتایا کہ ان کے شوہر کو ہڈیوں کے کینسر کی ایک نایاب اور سنگین قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔
انہوں نے اپنے استعفے میں صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈیڑھ سال تک قومی انٹیلی جنس کی سربراہی کا موقع اور اعتماد دیا گیا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






