ملک کے اہم علاقے میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، خوارج مارے گئے

بلوچستان کے علاقے پشین میں واقع سرخاب کیمپ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع پشین کے علاقے سرخاب کیمپ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے ایک کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا جس میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے چار خطرناک دہشت گرد مارے گئے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاعات پر کی گئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد سرخاب کیمپ میں موجود ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اطلاع پر سی ٹی ڈی کی بھاری نفری نے علاقے کا گھیراؤ کیا۔ جیسے ہی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق کی اور انہیں ہتھیار ڈالنے کا کہا گیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشین کے علاقے سرخاب کیمپ میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی بلوچستان نے مؤثر کارروائی کے ذریعے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی بلوچستان کے بہادر اہلکاروں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close