بارشوں کا سلسلہ کتنے روز جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی) رمضان المبارک شروع ہوتے ہی پاکستانیوں کیلئے ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری، بدھ کے روز اسلام آباد، کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں بادل برسے، آئندہ چند روز کے دوران بھی بارشیں ہونے کا امکان، موسم ٹھنڈا ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بادلوں کے ڈیرے،اسلام آباد اور کئی شہروں میں سحری کے وقت سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے 26مارچ سے بارشیں برسانے والے ایک نئے سسٹم کی لاہور میں داخل ہونے کی بھی پیش گوئی کر دی ہے اور کہا ہے کہ بارشیں ہونے کی صورت میں شہر لاہور میں خنکی میں مزید اضافہ ہو گا۔ شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کا موسم پہلے ہی خوشگوار ہو چکا، بارشیں ہونے سے موسم ٹھنڈا ہو جائے گا۔ جبکہ رمضان المبارک کے پہلے روز ملک کے دیگر حصوں کی طرح اسلام آباد میں بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا ۔ کراچی میں بھی اکثر علاقوں میں اچانک موسم تبدیل ہوا اور صبح کے وقت بجلی زور زور سے کڑکی، بادل بھی گرجے اور اس کے بعد برس پڑے۔

پہلے روزے کو کراچی کے شہریوں کو خوشگوار حیرت ہوئی جب وہ سحری کرنے کے بعد کچھ خواب خرگوش کے مزے لے رہے تھے کہ اچانک بجلی کی کڑک اور بادلوں کی گرج سے ان کی آنکھ کھلی تو جاگنے پر تیز بارش نے ان کا استقبال کیا۔ شہر کے اکثر علاقوں میں تیز بارش ہوئی اور کہیں کہیں ہلکی بارش نے انٹری دی۔ گرج چمک کے ساتھ دھواں دھار بارش کا سلسلہ مختصر رہا تاہم اس بارش نے شہریوں کا پہلا روزہ خوشگوار بنا دیا۔ محکمہ موسمیات نے رمضان کا پہلا پوراعشرہ ٹھنڈا گزرنے کی پیش گوئی کردی ہے۔ خاص کر اسلام آباد میں مارچ کے اختتام پر بھی سردیوں جیسا موسم ہو گیا، بارش کے باعث وفاقی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینیٹی گریڈ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جن علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں، ان علاقوں میں بارش کا سلسلہ مزید 2 دن تک جاری رہے گا۔

close