امریکا ایران مذاکرات میں وزیر اعظم شہباز شریف کی شرکت کا امکان

اسلام آباد: اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے جا رہے ہیں، جن میں پاکستان اور قطر کے نمائندوں کی بھی شرکت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے بھی ان مذاکرات میں شریک ہونے کا امکان ہے اور ان کی آج رات زیورخ روانگی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی وفد کی نمائندگی وٹکوف اور جیرڈ کشنر کر رہے ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی سوئٹزرلینڈ روانہ ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی وفد باقر قالیباف کی سربراہی میں پہلے ہی سوئٹزرلینڈ پہنچ چکا ہے۔

ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، قومی سلامتی کونسل کے عہدیدار علی باقری، مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ تکنیکی مذاکرات اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے جا رہے ہیں اور یہ فالو اپ عمل کا حصہ ہیں۔ پاکستان ان مذاکرات میں بطور سہولت کار اپنا کردار جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کا مقصد فریقین کے درمیان طے شدہ مفاہمت کو آگے بڑھانا اور خطے میں امن و استحکام کے عمل کو تقویت دینا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close