سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے مرمتی کام کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
ترجمان ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی روڈ پر ایکسپو سینٹر کے سامنے K-IV پائپ لائن منصوبے کے دوران سوئی سدرن گیس کی 4 انچ قطر کی گیس لائن کو نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ لائن کی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
بیان کے مطابق مرمتی کام کے دوران گلشن اقبال بلاک D-13 اور پی آئی بی کالونی کے علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔
ترجمان نے کہا کہ ایس ایس جی سی کی ٹیمیں کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے مصروف عمل ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ گیس کی بندش کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس دوران صارفین کو درپیش پریشانی کے لیے ادارہ معذرت خواہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






