6 ہسپتالوں میں آکسیجن بالکل ختم، ہمسایہ ملک میں کورونا وائرس نے تباہی مچا دی ،

نئی دہلی(آئی این پی )بھارت کورونا کا گڑھ بن گیا ، مسلسل دوسرے روز 3 لاکھ سے زائد مریض رپورٹ ، دلی کے 6 ہسپتالوں میں آکسیجن بالکل ختم ہو گئی ، کئی مریض ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کورونا کا گڑھ بن گیا، ایک ہی روز ریکارڈ تین لاکھ بتیس ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، مزید دو ہزار دو سو پچپن لوگوں کی موت ہوئی۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ستاسی ہزار سے تجاوز کر گئی۔ دلی کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شہر کے 6 ہسپتالوں میں آکسیجن بالکل ختم ہو چکی ہے اور دوسرے کئی ہسپتالوں میں چند گھنٹوں کی آکسیجن باقی رہ گئی ہے، آکسیجن کے انتظار میں کئی مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔ متعدد ریاستوں میں صورت حال انتہائی نازک ہو چکی ہے۔ کورونا کے مریضوں کی وجہ سے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑ چکی ہے۔ مودی سرکار کا صحت کا نظام بری طرح ناکام ہو چکا ہے، مریض آکسیجن کی عدم فراہمی کی وجہ سے مر رہے ہیں۔ دلی کے ہسپتالوں میں آکسیجن کے ٹینکر لائے جا رہے ہیں۔ کئی علاقوں میں سی 17 طیاروں کے ذریعے آکسیجن کے کنٹینرز کی ترسیل کی گئی۔ ہسپتالوں کے باہر مریضوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں، مہاراشٹرا، دلی، اتر پردیش اور کرناٹکا سمیت کئی ریاستوں میں مہلک وائرس سے مرنے والوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے بھی جگہ کم پڑنے لگی۔ چین نے بھارت کو کورونا پر قابو پانے کے لیے مدد کی پیش کش کی ہے۔۔۔۔۔

close