جماعتِ اسلامی کی جانب سے سُپر لانگ مارچ کو عارضی بریک لگا دی گئی ، دھرنے جاری رہیں گے یا نہیں ؟ جانئے

جماعت اسلامی نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست اور عوام کو ریلیف کی یقین دہانی پر اسلام آباد کی جانب جاری لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مؤخر کر دیا ہے۔

 

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی، اس لیے مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کو ملاقات تک موقع دیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ختم نہیں ہو رہا، کارکن متحرک رہیں گے اور شرکا کا پڑاؤ ملتان میں رہے گا۔ مناسب ریلیف نہ ملا تو مارچ دوبارہ ملتان سے ہی شروع ہوگا۔ حکومت سے تحریری یقین دہانی لی جائے گی اور محض ٹال مٹول قبول نہیں ہوگی۔

 

دوسری جانب وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے حافظ نعیم سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ حکومت مشکل حالات میں معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دے رہی ہے اور ممکنہ حد تک ریلیف یقینی بناتی رہے گی۔

 

حافظ نعیم نے تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی مؤخر کرنے پر غور کر رہی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کے دورہ نیویارک سے واپسی پر ملاقات اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔