وزیراعظم فیول ریلیف سکیم , ضلع جہلم کے تمام 91 پٹرول پمپس پر رجسٹریشن شروع

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت ضلع جہلم میں وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جہلم، سوہاوہ اور دینہ کے شہری اور دیہی علاقوں میں قائم تمام پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کیمپس یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں طے پایا کہ ضلعی انتظامیہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مقرر کردہ فوکل پرسنز باہمی اشتراک سے رجسٹریشن کیمپس میں شہریوں کو سہولت فراہم کریں گے۔ ہر یونین کونسل کی سطح پر مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیدار بھی رجسٹریشن کے عمل میں انتظامیہ کی معاونت کریں گے۔

فیول سبسڈی کی ڈیجیٹل نگرانی

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ہر پٹرول پمپ پر فیول سبسڈی ٹوکن کے اجرا اور رعایتی پٹرول کی فراہمی کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی، تاکہ سکیم کے فوائد شفاف انداز میں مستحق شہریوں تک پہنچائے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بدھ اور جمعرات کو جہلم، سوہاوہ اور دینہ کے شہری و دیہی علاقوں میں قائم پٹرول پمپس کا خود دورہ کریں گے اور رجسٹریشن کیمپس سمیت رعایتی پٹرول کی فراہمی کے پورے عمل کا معائنہ کریں گے۔

موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کے لیے ہفتہ وار ٹوکن

وزیر مملکت نے بتایا کہ موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ مالکان کے لیے ہر ہفتے 500 روپے مالیت کا ٹوکن جاری کیا جارہا ہے۔ اس سہولت کے تحت 600 روپے کا پٹرول ڈلوانے والے صارف کو صرف 100 روپے اپنی جیب سے ادا کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والے شہریوں کو ہر ماہ تین ہزار روپے کی فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ ضلع جہلم کی چنگ چی ایسوسی ایشن کو بھی وزیراعظم فیول ریلیف سکیم میں شامل کیا جائے گا۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکل، چنگ چی، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے عام شہریوں کو رعایتی نرخوں پر پٹرول فراہم کرنے کے لیے یہ سکیم شروع کی ہے۔

تمام 91 پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کا آغاز

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع جہلم کے تمام 91 پٹرول پمپس پر رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ ہر تحصیل کی سطح پر شکایات مرکز قائم کرنے کے ساتھ فوکل پرسنز بھی مقرر کردیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام نے سکیم پر عمل درآمد، پٹرول پمپس پر ایندھن کی دستیابی، شہریوں کی رجسٹریشن اور رعایتی پٹرول کی فراہمی کے انتظامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی، جبکہ پٹرول پمپس پر رجسٹریشن میں معاونت کے لیے پارٹی فوکل پرسنز کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔